ڈاکٹر ثمرہ افضل نے پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کردیا

July 09, 2020

پاکستانی نژاد برطانوی ڈاکٹر ثمرہ افضل نے انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے کورونا کے خلاف لڑنے والوں کی خدمات کے اعتراف میں شروع کی گئی مہم کا حصہ بن کر پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کردیا۔

‏ انگلیند کرکٹ بورڈ نے کورونا کے خلاف لڑنے والوں کی خدمات کے اعتراف میں ’ریز دی بیٹ‘ نامی مہم شروع کی جس میں میڈیکل اسٹاف کے نام والی ٹریننگ شرٹس انگلینڈ کے کرکٹرز اور اسپورٹ اسٹاف نے پہنیں۔

‏سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ڈاکٹر ثمرہ افضل نے یہ اعزاز اپنے نام کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ اُن کے نام والی شرٹ انگلینڈ کے کرکٹر کرس ووکس نے پہنی۔

‏ انہوں نے کہا کہ ای سی بی کی جانب سے سراہا جانا میرے لئے اعزاز اور خوشی کی بات ہے، خاص بات یہ ہے کہ میرے فیورٹ کرکٹر نے میرے نام والی شرٹ پہنی۔

‏کرکٹر کرس ووکس کا اس موقع پر کہنا تھا کہ یہ ان لوگوں کے لیے ایک معمولی سی چیز ہے جو قربانیاں دے رہے ہیں، مشکل وقت میں سخت محنت جاری رکھنے پر آپ کا شکریہ۔

‏واضح رہے کہ ڈاکٹر ثمرہ افضل قومی کرکٹر ناصر جمشید کی اہلیہ ہیں۔