ایان علی کی شوبز میں واپسی جلد متوقع

July 11, 2020

ماڈل ایان علی کا شوبز میں واپسی کا اعلان

کرنسی اسمگلنگ کیس میں ضمانت حاصل کرنے والی پاکستان کی ماڈل اور گلوکارہ ایان علی نے شوبز میں واپسی کا عندیہ دیتے ہوئے یکے بعد دیگرے 7 گانے ریلیز کرنے کا اعلان کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ماڈل و گلوکارہ نےاپنی ایک دلکش تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’پرانی لیمبرگینی میں بیٹھ کر اپنے 7 نئے گانے سننے اور سیر پر جانے کا وقت ہوا جاتا ہے۔‘

یہ بھی پڑھیے : ایان علی کا نیا البم جلد ہی سامنے آئے گا

انہوں نے لکھا کہ یقین ہے کہ یہ گانے قابلِ سماعت ہوں گے اور آپ سب کو بھی اچھے لگیں گے۔

ایان علی گزشتہ 5 سال سے جن گانوں پر محنت کررہی تھیں آخر کار وہ جلد ہی منظر عام پر آنے والے ہیں، گلوکارہ کا یہ پیغام دیکھتے ہی مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

گلوکارہ نے لکھا کہ ’مذکورہ گانوں کیلئے وہ گزشتہ 5 سال سے محنت کررہی ہیں جن سے اب اُن کے مداح بھی لطف اندوز ہوسکیں گے۔‘

ایان علی نے بتایا کہ تمام نئے گانے ایک یا دو ہفتے میں ریلیز کردیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ رواں برس فروری میں سوشل میڈیا سے طویل غیر حاضری کے بعد ایان علی کے اکاؤنٹ سے ایک پوسٹ سامنے آئی تھی جس سے قبل ایان علی کی جانب سے سوشل میڈیا پر دو سال قبل پیغام شیئر کیا گیا تھا۔

ایان علی 14 مارچ 2015 کو اسلام آباد ایئرپورٹ سے پانچ کروڑ روپے سے زائد مالیت کے امریکی ڈالر دبئی اسمگل کرتے ہوئے گرفتار کرلیا گیا تھا۔

منی لانڈرنگ کیس میں 2 سال تک ایان علی عدالت میں پیش ہوتی رہیں تاہم 2017 میں دبئی جانے کے بعد سے وہ عدالت کی سماعتوں میں غیر حاضر رہیں۔