پاکستان شوبز انڈسٹری کی ماڈل و گلوکارہ ایان علی نے اعلان کیا ہے کہ اُن کا نیا البم جلد ہی سامنے آئے گا ۔
منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت لینے والی ایان علی لمبے عرصے کی غیر حاضری کے بعد سوشل میڈیا پر واپس آئی ہیں۔ گلوکارہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں سے ان کی خیریت دریافت کی ۔
سوشل میڈیا کے ایک اور پیغام میں انہوں نے بتایا کہ 5 سال قبل ریلیز کیے جانے والے گانے ’ارتھ کوئیک ‘ کو آج بھی مداحوں کی جانب سے پسند کیا جارہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ’ارتھ کوئیک‘ کو یوٹیوب پر 20 لاکھ سے زائد لوگ دیکھ چکے ہیں۔
ایان علی نے 2009 سے اب تک مداحوں کی جانب سے بھیجے جانے والے مثبت پیغامات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
تفصیلی کیپشن کے آخر میں انہوں نے بتایا کہ وہ آج کل بہت ساری چیزوں پر کام کررہی ہیں جو بہت جلد منظر عام پر آئیں گی۔
یاد رہے کہ آخری بار ایان علی کی جانب سے سوشل میڈیا پر دو سال قبل پیغام شیئر کیا گیا تھا۔
انسٹاگرام پر ایان نے 16 اکتوبر 2018 کو تصویر شیئر کی تھی جبکہ ٹوئٹر پر 19 مارچ 2019 کو ایک ٹوئٹ سامنے آیا تھا۔
واضح رہے کہ ایان علی 14 مارچ 2015 کو اسلام آباد ایئرپورٹ سے پانچ کروڑ روپے سے زائد مالیت کے امریکی ڈالر دبئی اسمگل کرتے ہوئے گرفتار کرلیا گیا تھا۔
منی لانڈرنگ کیس میں 2 سال تک ایان علی عدالت میں پیش ہوتی رہیں تاہم 2017 میں دبئی جانے کے بعد سے وہ عدالت کی سماعتوں میں غیر حاضر رہیں۔