کراچی: دکان مالک کی غفلت نے 2 بچوں کی جان لے لی

September 22, 2020

کراچی کے علاقےنارتھ کراچی خواجہ اجمیر نگری میں پانی کی ٹنکی میں گر کر ڈوب کر 2 بچےجاں بحق ہو گئے۔

علاقہ مکینوں نے الزام عائد کیا ہے کہ دکان کے مالک کی غفلت سے 2 بچوں کی جان گئی ہے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق دکان کے مالک نے دکان میں پانی کا ٹینک بنایا ہوا ہے، دکان پر نہ کوئی شٹر ہے اور نہ ہی دروازہ ہے، جبکہ پانی کے ٹینک پر ڈھکن کے بجائے گتہ اور فوم رکھا ہوا تھا۔

ایک علاقہ مکین نے بتایا کہ اتوار 20 ستمبر کو بچہ گر گیا تو اہلِ خانہ جگہ جگہ ڈھونڈتے رہے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز دوسرا بچہ گرا تو اس کو نکالنے کے دوران پہلے بچے کی لاش ملی۔

علاقہ مکین کا یہ بھی کہنا ہے کہ ٹینکی کا ڈھکن تین چار بار چوری ہو چکا ہے، ڈھکن چوری ہونے کے بعد دکان کے مالک نے اس کی جگہ گتہ اور فوم رکھ دیا تھا۔

اتوار 20 ستمبر کو ٹینک میں گر کر جاں بحق ہونے والے بچے کا نام محمد ولد قاری سلیم جبکہ گزشتہ روز جاں بحق ہونے والے بچے کا نام اظہار بتایا گیا ہے۔