نئی یکساں تعلیمی پالیسی کی بنیاد قرآن و سنت ہو گی‘ راشد حفیظ

September 26, 2020

راولپنڈی (خصوصی نمائندہ) پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ حکومت یکساں تعلیمی پالیسی پر باریک بینی سے کام کر رہی ہے جس میں قرآن و حدیث کو اولین ترجیح حاصل ہے۔ حکومت کی تعلیمی اصلاحات میں زیرعمل طبقاتی نظام ہائے تعلیم کو واحدو یکساں نظام تعلیم سے بدل کر اسے اسلامی اور قومی ضروریات کے طابع کرنا ہے وہ غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کے زیراہتمام سیمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ راشد حفیظ نے کہا کہ جب ریاست مدینہ کی بات کی جاتی ہے تو اس کا مطلب پوری قوم کو کلمہ طیبہ کی لڑی میں پرونا ہوتا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ ہماری نئی یکساں تعلیمی پالیسی کی بنیاد قرآن و سنت ہو گی۔ دینی تعلیم اور جدید عصری فنی و سائنسی علوم کو جدا جدا تصور کرنا درست نہیں۔