ملازمت کے حصول کیلئے چند اہم باتیں

September 27, 2020

ہر شخص کا اپنے مستقبل اور طرزِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے فکر مند ہونا فطری عمل ہے اور اس تیز رفتار دنیا میں نوجوان نسل اپنے کیریئر کے اہداف حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ دورِجدید میں محفوظ کیریئر کے لیے چند باتوں پر عمل کرلیا جائے تو اپنی من پسند نوکری حاصل کرنا کوئی مشکل بات نہیں۔

کیریئر کے اہداف کا تعین

ملازمت کے حصول کے لیے واضح طور پر کیریئر کے اہداف متعین کرنے کی ضرورت ہے تاکہ متعلقہ شعبے اور صنعت میں قسمت آزمائی کا موقع مل سکے۔ لہٰذا غور کریں کہ آپ کے کیریئر کا سفر کس سمت میںہونا چاہیے۔ جب آپ اس پر تفصیلی غور کرلیں تو پھر اپنے پاس موجود آپشنز پر توجہ سے کام کا آغاز کریں۔ اگر ابتداء میں آپ کو اپنے کیریئر میں درست مواقع میسر نہیں آتے تو گھبرانے اور پریشان ہونے کی بات نہیں۔ اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور صلاحیتوں میں اضافہ کیا جائے تو بہتر مواقع خود حاصل ہوجاتے ہیں۔ اس ضمن میں سخت محنت کی جائے تو کامیابی آپ کے قدم چومتی ہے۔

سی وی میں درست الفاظ کا استعمال

آجکل ملازمت فراہم کرنے والے ادارے ٹیکنالوجی کی مدد حاصل کرکے قلیل وقت میں فلٹرز کے ذریعے ملازمت کے خواہشمند افراد کی قابلیت کا اندازہ لگا لیتے ہیں کہ کونسا درخواست دہندہ اہلیت رکھتا ہے اور کون ملازمت کا اہل نہیں۔ لہٰذا ملازمت کے حصول کے لیے اپنی درخواست یا سی وی میں درست الفاظ کا چناؤ کریں۔

اگر درخواست میں صحیح الفاظ استعمال نہیں کیے جائیں گے تو ادارے کو کیسے معلوم ہوگا کہ آپ میں کیا قابلیت ہے اور آپ ادارے کے لیے خود کو کیسے کارآمد بناسکتے ہیں۔

اس کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ آپ ملازمت کے کوائف کو غور سے پڑھیں اور مذکورہ نوکری کے مطابق اپنی قابلیت کی فہرست تیار کریں۔ سی وی میں ملازمت سے متعلق تجربہ اور مواد کو پیشِ نظر رکھا جانا بے حد ضروری ہے۔

منصوبہ بندی کی جائے

کیریئر کے اہداف کو حاصل کرنے میںاگلا قدم منصوبہ بندی کرنا ہے۔ اپنی من پسند نوکری کی تلاش کے لیے روزانہ کی بنیاد پر وقت مختص کریں کیونکہ نوکری کی تلاش کٹھن اور صبر آزما مرحلہ ہے۔ اگر آپ کو نوکری دلوانے والے اداروں کے بارے میں معلوم ہے تو فوری طور پر اپنا اندراج کروائیں۔ اس کے ساتھ ہی مختلف سماجی ویب سائٹس پر اپنی پیشہ ورانہ پروفائل بنائیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کی پروفائل اَپ ڈیٹ رہے۔ بیشتر اسامیاں فراہم کرنے والے ادارے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر آپ کی پروفائل کی جانچ پڑتال کرتے ہیں، لہٰذا اپنی پروفائل کو کسی بھی متنازعہ مواد سے پاک رکھیں اور غیر ضروری ترجیحات سے گریز کریں۔

نیٹ ورکنگ

اپنی مرضی کی ملازمت حاصل کرنے میں نیٹ ورکنگ نہایت اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اس لیے ملازمت کی تلاش میں معاونت کے لیے اپنا سوشل نیٹ ورک وسیع کریں ساتھ ہی دوستوں، رشتہ داروں اور اساتذہ سے رابطے بحال رکھیں کیوں کہ یہ ملازمت حاصل کرنے کا موزوں اور کامیاب ترین ذریعہ ہے۔ ساتھ ہی ملازمت فراہم کرنے والی سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کا باقاعدگی سے وزٹ کریں۔

یونیورسٹی میں حصولِ تعلیم کے دوران کسی بھی اچھے ادارے میں انٹرن شپ کرنا بہترین ہوتا ہے۔ اگر آپ اپنے دورِ طالب علمی میں کسی نامور ادارے سے منسلک رہے ہیں تو کہیں اور قسمت آزمانے سے پہلے وہاں رابطہ کریں۔ اگر وہ ادارہ آپ کی صلاحیتوں پر یقین رکھتا ہے تو عین ممکن ہے کہ آپ کو بہتر ملازمت کی پیش کش کی جائے۔ اس کے علاوہ کسی بھی اور کمپنی میں ملازمت کے حصول کے لیے آپ کا انٹرن شپ کا تجربہ آپ کی پیشہ ورانہ قابلیت کا ثبوت ہوگا۔

اپنی صلاحیت واضح کریں

ملازمت فراہم کرنے والے عموماً چھ سیکنڈ آپ کی فراہم کردہ درخواست یا سی وی پر توجہ مرکوز کرتے ہیں۔ ایسے میں ضروری ہے کہ جس شعبہ میں آپ مہارت رکھتے ہیں اس کو اپنے سی وی میں اس طرح واضح کریںکہ وہ انتہائی آسانی سے سمجھ میں آسکے۔ یاد رہے کہ آپ کی تعلیمی اسناد اور کامیابیوں سے متعلق تفصیل پر بہت کم توجہ دی جاتی ہے۔

اپنی اسکلز یعنی جس شعبہ میں آپ کو مہارت ہو، اسے واضح کریں کیونکہ ملازمت فراہم کرنے والے ہمیشہ امیدوار کی بہترین صلاحیتوں سے متاثر ہوتے ہیں جس کی بناء پر اسے ملازمت کی پیشکش کی جاتی ہے۔ آپ بھی مؤثر انداز میں اپنی بہترین صلاحیتوں کو اُجاگر کرکے خود کو باصلاحیت تسلیم کرواسکتے ہیں جس کے لیے آپ کو اپنے تجربہ اور قابلیت کا درست استعمال کرنا ہوگا اور ادارے کو یقین دلانا ہوگا کہ آپ ہی ملازمت کے لیے اہل اور موزوں ترین انتخاب ہیں۔

دوسری انٹرویو کال

آپ کے لیے یہ جاننا ضروری ہے کہ پہلے انٹرویو کا واحد مقصد انٹرویو کی دوسری کال حاصل کرنا ہے۔ کئی امیدوار یہ سمجھتے ہیں کہ ان کے لیے پہلا انٹرویو ہی اپنی صلاحیتوں کو ثابت کرنے کا واحد موقع ہے۔ درحقیقت اس سوچ کی وجہ سے امیدوار بہت زیادہ دباؤ محسوس کرتا ہے۔ آپ مشترکہ اہداف جاننے کی کوشش کریں، اپنے کارناموں پر مختصر روشنی ڈالیں اور دوسرے شخص کے بارے میں بھی جاننے کی کوشش کریں۔ انٹرویو میں صرف اپنے بارے میں بتانے کے بجائے سیکھنے کا ہدف لے کر جانا زیادہ بہتر لائحہ عمل ہے۔