پی ایس ایل فرنچائزز کے مالی اسٹرکچر درست نہیں، احسان مانی

September 30, 2020

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی کاکہنا ہے کہ میں نے پہلے ہی پی ایس ایل فرنچائزز کو کہہ دیا کہ آپ کے مالی اسٹرکچر درست نہیں ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے کہا کہ پی ایس ایل ون اور ٹو میں مالی بےضابطگیاں ہوئی ہیں لیکن اب یہ معاملہ کمیٹی میں ہے، اس معاملے کی تحقیقات ہونگی، جو بھی سچ ہوا وہ سامنے لایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ دس سال بعد کرکٹ ٹیمیں پاکستان آرہی ہیں لیکن کوئی اس کی تعریف نہیں کرتا۔

چیئرمین کرکٹ بورڈ کاکہنا تھاکہ ماضی میں ویسٹ انڈیز کو پاکستان آنے کے لیے پیسے دیئے گئے تھے، ہم نے کسی ٹیم کے کسی کھلاڑی کو ایک روپیہ یہاں آنے کے لیے نہیں دیا۔

احسان مانی نے کہا کہ مصباح الحق، اظہر علی اور محمد حفیظ نے بغیر اجازت وزیراعظم سے ملاقات کی، یہ پی سی بی کے ڈسپلن کا معاملہ ہے اس کو ضرور دیکھا جائے گا۔

چیئرمین کرکٹ بودڑ کاکہنا تھا کہ مصباح الحق کوصاف کہہ دیا ہے کہ اس کو اور دوسرے کھلاڑیوں کو دوسری نوکری چھوڑنی پڑیگی۔