شاہ رخ خان کی پٹائی کرنے کیوجہ سے مراکش کا ویزہ نہیں ملا، گلشن گروور

October 01, 2020

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بولی وڈ کے معروف اداکار گلشن گروور نے انکشاف کیا ہے کہ ایک مرتبہ شاہ رخ خان کی پٹائی کرنےکی وجہ سے ان کی مراکش کے ویزے کی درخواست ردکردی گئی تھی۔

گلشن گروور بولی وڈ کے معروف ولن ہیں۔حالیہ ریئلٹی شو کے دوران گلشن گروور نے بتایا کہ ایک ہوائی سفر کے دوران جب انہیں دوسری فلائٹ کے انتظار میں مراکش میں رکنا پڑا تو انہوں نے سوچا کہ کیوں نہ مراکش کی سیرکرلی جائے۔

گلشن گروورکے مطابق جب انہوں نے ائیرپورٹ پر ایک خاتون افسرکو ایک دن کے ویزا کےلیے درخواست کرتے ہوئے اپنا ٹکٹ دکھایا تو اس خاتون افسر نے ویزا دینے سے صاف انکارکردیا۔

اداکارکے مطابق جب انہوں نے ویزا دینے سے انکار کی وجہ جاننی چاہی تو خاتون نے بتایاکہ تم نے شاہ رخ خان کو مارا تھا اس لیے میں تمہیں پسند نہیں کرتی ۔

گلشن گروور نے پھر خاتون افسر کو بتایا کہ وہ اور شاہ رخ اچھے دوست ہیں اور وہ میرے بھائی کی طرح ہیں، حقیقی زندگی میں نہ تو میں نے انہیں مارا ہے اور نہ ہی انہوں نے مجھے کبھی مارا ہے، وہ تو بس ایک فلمی سین تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مراکشی عوام بولی وڈ کی فلموں اور موسیقی کو بہت پسند کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ گلشن گروور اور شاہ رخ خان نے ایک ساتھ بہت سی فلموں میں کام کیا ہے جس میں گلشن گروور نے ولن جب کہ شاہ رخ خان نے ہیرو کا کردار ادا کیا ہے، ان فلموں میں ’ڈپلیکیٹ‘ ، ’یس باس‘ اور ’رام جانے‘ وغیرہ شامل ہیں۔