اسٹاک مارکیٹ، بڑے پیمانے پر خریداری، 616 پوائنٹس کا اضافہ

October 21, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں سرمایہ کاروں کی جانب سے بڑے پیمانے پر خریداری سے مارکیٹ میں تیزی کی لہر آ گئی،کے ایس ای100انڈیکس میں 616پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ،سرمایہ کاری مالیت 82ارب 96کروڑ 65لاکھ روپے بڑھ گئی ،73.31فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت بڑھ گئی ،کاروباری حجم میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ،تفصیلات کے مطابق منگل کو مارکیٹ میں مالیاتی اداروں اور سرمایہ کاروں کی جانب سے خریداری کے باعث دن بھر مثبت رحجان دیکھا گیا اور ایک موقع پر کے ایس ای100انڈیکس 41ہزار کی حد بھی عبور کر گیا تاہم اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 616.41 پوائنٹس کے اضافے سے 40956.58پر پہنچ کر بند ہوا ،کےایس ای30انڈیکس میں بھی 284.96پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے یہ 16996.82سے بڑھ کر 17281.78پر آگیا جبکہ آل شیئرز انڈیکس 362.21پوائنٹس کے اضافے سے 28930پوائنٹس پر پہنچ کر بند ہوا ،مجموعی طور پر منگل کو مارکیٹ میں 416کمپنیوں کے شیئرز کا کاوربار ہوا ،305کے بھاومیں اضافہ ،96کے بھاومیں کمی اور 15کے بھاومستحکم رہے ،خریداری میں اضافے کی وجہ سے کاروباری حجم 49کروڑ 26لاکھ 74ہزار شیئرز تک پہنچ گیا جو کہ گذشتہ روز کی نسبت 17کروڑ 31لاکھ 11ہزار شیئرز زیادہ ہے ،مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 82ارب 96کروڑ 65لاکھ روپے کے اضافے سے 7594ارب 42کروڑ 34لاکھ روپے ہو گئی ،کاروباری حجم کے لحاظ سے مارکیٹ میں یونٹی فوڈ،ہیسکول پیٹرولیم،فوجی فوڈ ،پاک انٹر نیشنل بلک اور کے الیکٹرک سر فہرست رہے ،سب سے زیادہ شیئرز کی قیمت رفحان میز اور اٹلس ہنڈا کے شیئرز کی بڑھی جو کہ 43.99روپے اور 31.79روپے فی شیئرز تھی دوسری جانب نمایاں کم یونی لیور اور انڈس ڈائننگ کے شیئرز میں ہو ئی جو کہ بالترتیب 949.50 اور 39.88روپے فی شیئرز تھی۔