بالی ووڈ اداکارہ شردھا کپور اپنے والد اور ماضی کے معروف اداکار شکتی کپور کے ساتھ اسپتال گئیں، وہ پریشان نظر آرہی تھیں۔
اس موقع پر انھوں پاپارازی (فوٹوگرافرز) کو فلمبندی (موقع کی ویڈیو اور تصاویر) سے منع کیا۔ شردھا اور انکے والد نے اس موقع پر ماسک پہن رکھے تھے۔
انکے اس طرح سے اسپتال جانے سے انکے مداحوں میں تشویش پیدا ہوگئی تھی۔ اس موقع کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئیں، جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پاپارازی کی فلم بندی کا احساس ہونے پر شردھا واضح طور پریشان نظر آئیں۔
ویڈیوز میں شردھا کو اسپتال سے باہر نکلتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے، وہ فلورل شرٹ اور بیگی پینٹ پہنے اپنے 73 سالہ والد کو احتیاط سے گاڑی تک لے گئیں اور انہیں بیٹھنے میں مدد کی۔
اس دوران انھوں نے فوٹوگرافرز کو نرمی سے ویڈیو اور تصاویر بنانے سے منع کیا۔ آخری اطلاعات آنے تک ان دونوں کے اسپتال جانے کی وجہ سامنے نہیں آئی۔
یاد رہے کہ شردھا چند ہفتے قبل اپنی آئندہ آنیوالی فلم ایتھا کی نومبر میں ناسک میں شوٹنگ کے دوران اس وقت زخمی ہوگئی تھیں جب ایک رقص کے دوران ان کی بائیں ٹانگ میں فریکچر ہوا تھا۔
جس کے بعد انھوں نے اپنے مداحوں سے گفتگو میں کہا تھا کہ انکے حوصلے بلند ہیں، مزید کہا ٹرمینیٹر کی طرح گھوم رہی ہوں۔ پٹھوں میں کھچاؤ ہے، تھوڑے آرام سے ٹھیک ہو جائے گا۔ جہاں تک کام کا تعلق ہے تو شردھا آخری بار 2024 کی فلم استری 2: سر کٹے کا آتنک میں نظر آئی تھیں، جو باکس آفس پر ہٹ ہوئی تھی۔