اپوزیشن استعفیٰ دے، ایک گھنٹے میں حکومت گرجائے گی، مصطفیٰ کمال

October 21, 2020

پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ اگر اپوزیشن استعفیٰ دے دے تو ایک گھنٹے میں حکومت گر جائے گی۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کراچی واقعے اور اپوزیشن کی حکمت عملی پر بات چیت کی۔

انھوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن سنجیدہ ہے تو استعفیٰ دے دے، حکومت ایک گھنٹے میں چلی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں سب نظام آٹو پر چل رہا ہے، ملک کو چلانے والا کوئی نہیں ہے۔

مصطفیٰ کمال نے اپوزیشن کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ کراچی میں اپوزیشن اتحاد کے جلسے میں تاثر دیا گیا کہ کراچی میں کوئی مسائل نہیں ہیں۔

انھوں نے بھی کراچی کے باغِ جناح میں ہی پی ایس پی کے جلسے کا اعلان کردیا۔

سربراہ پی ایس پی کا کہنا تھا کہ ہم بتانا چاہتے ہیں کہ کراچی کے کیا مسائل ہیں۔

وفاقی حکومت کی جانب سے کراچی کے لیے 1100 ارب روپے کے پیکیج پر بات کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ گیارہ سو ارب کی بات کی لیکن گیارہ روپے نہیں آئے، صرف لالی پوپ دیا جارہا ہے۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ پھر بارش ہوگی تو کراچی کے معاملے پر پھر سیاست ہوگی۔

سندھ کی حکمران جماعت پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کو ہدف تنقید بناتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پیپلز پارٹی یہاں 12 سالوں سے حکومت میں ہے، یہاں جو کچھ ہورہا ہے وہ پی پی پی ہی کر رہی ہے، یہ جماعت حکومت کے خلاف کیسے بات کرسکتی ہے۔

مرازِ قائد واقعے کا ذکر کرتے ہوئے پی ایس پی سربراہ بولے کہ کیپٹن (ر) صفدر کراچی کے مہمان تھے، مجھے ان سے ہمدردی ہے۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ مزار قائد پر جو کچھ ہوا وہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔