مردم شماری کے نتائج جاری نہ کرنے پر وفاقی حکومت کو نوٹس

October 24, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے بلدیاتی انتخابات اور مردم شماری کے حتمی نتائج جاری نہ کرنے کے خلاف دائر پاسبان کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کر تے ہوئے وفاقی حکومت، ادارہ شماریات ، الیکشن کمیشن و دیگر سے 4نومبر کو جواب طلب کرلیا ہے۔ عدالت نے نئی درخواست کو پہلے سے دائر درخواستوں کے ساتھ یکجا بھی کردیا۔درخواست گزار کے وکیل عرفان عزیز کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ سندھ میں بلدیاتی سیٹ اپ کی مدت 30اگست کو ختم ہوگئی تھی، بلدیاتی نمائندوں کی عدم موجودگی کی وجہ سے پورے صوبے میں شہری نظام ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے، مردم شماری کےحتمی نتائج جاری کیے بغیر بلدیاتی انتخابات نہیں ہوسکتے ادارہ شماریات کو مردم شماری کے فوری نتائج کا اعلان کرنے کا حکم دیا جائے بلدیاتی انتخابات کرانے کا اعلان کرنے کا حکم دیا جائے۔