گھر کیلئے وال پیپر بہتر ہے یا پینٹ؟

October 25, 2020

گھر کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد جب گھر کی اندرونی دیواروں کی تیاری (Finishing) کا وقت آتا ہے تو ہر شخص دوہری مشکل میں مبتلا ہوتا ہے۔ آیا دیواروں کو پینٹ کروایا جائے یا ان کی وال پیپر سے سجاوٹ کی جائے؟ بنیادی، ہموار دیوار اور استرکاری کے لیے تو پینٹ کا انتخاب کرنا سب سے آسان اور مؤثر آپشن ہوتا ہے، تاہم اگر آپ دیوار کو پیچیدہ ڈیزائن اور ٹیکسچرٹون دینا چاہتے ہیں تو یہ اتنا آسان نہیں کیونکہ بعض اوقات آپ جو چیز حاصل کرنا چاہتے ہیں وہ کام مکمل ہونے کے بعد ویسی سامنے نہیںآتی۔ اس کے لیے آپ کو تجربہ کار اور ہنرمند پیشہ ور ماہر کی خدمات حاصل کرنی پڑیںگی۔

بظاہر ایسا لگتا ہے کہ گھر کو پینٹ کرنا یا وال پیپرلگانا بہت آسان ہے۔ لیکن اگر واقعی ایسا ہوتا تو پھر پیشہ ور ماہرین کی ضرورت کیوں پڑتی اور ان کا کام بہتر کیوں ہوتا؟ دراصل اس کی وجہ یہ ہے کہ پیشہ ور ماہر جانتے ہیں کہ ایک مخصوص جگہ پر کون سا رنگ بہتر جچے گا یا وال پیپر کیسے بہتر انداز سے لگ سکتا ہے۔ وال پیپر اگر خراب ہوجائے تو اسے ٹھیک کرنا آسان ہوتا ہے، تاہم اگر اس میں دانے آجائیں یا اس کا نمونہ اپنی جگہ سے ہِل جائے تو مسئلہ پیدا ہوجاتا ہے۔ اس کا حل ماہر پروفیشنلز کے پاس ہی ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ، اگر لاگت کی بات کریں تو اچھا اور معیاری وال پیپر ، پینٹ کے مقابلے میں زیادہ مہنگا ہوتا ہے۔

آپ پینٹ کا انتخاب کریں یا وال پیپر کا، دونوں کے اپنے اپنے فائدے اور نقصانات ہوتےہیں۔ بہرحال، آخر میں بات یہاں ختم ہوتی ہے کہ آپ اپنے گھر کی دیواروں پر پینٹ یا وال پیپر استعمال کرکے کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں؟ اس سوال کے لیے مطلوب جواب ہی اس بات کا تعین کرے گا کہ آپ کو پینٹ کا انتخاب کرنا چاہیے یا وال پیپر کے ساتھ جانا چاہیے۔

دیوار میںجانڈالنا

گھر کے اوپری حصے کو جاتی سیڑھیوں کے ساتھ والی دیوار کو سجانا ایک آرٹ ہے۔ یہ وہ دیوار ہوتی ہے، جسے آتا جاتا ہر شخص لامحالہ قریب سے دیکھتا ہے اور اگر اس میںکوئی منفرد بات یا مسئلہ نظر آئے تو وہ اس کا بغور جائزہ بھی لیتا ہے۔ اس دیوار میں جان ڈالنا ہر کسی کی خواہش اور امتحان ہوتا ہے۔ اس دیوار کے لیے وال پیپر کا انتخاب بہتر چوائس ثابت ہوسکتی ہے ۔ کوشش یہ ہونی چاہیے کہ وال پیپر ایسا ہو کہ وہ ماحول پر خوشگوار اثرات کا باعث بنے۔

کنٹراسٹ

اگر کمرے کے ماحول کو ڈرامائی کنٹراسٹ(Contrast) دینا مطلوب ہو تو پینٹ کا مقابلہ کوئی وال پیپر نہیں کرسکتا۔ دیوار پر شوخ لال رنگ کروانے سے پورے کمرے میں گرم جوشی اور جان پڑجاتی ہے۔ لال دیوار کو چھوڑ کر باقی پورا کمرہ ہلکے رنگ کے فرنیچر ، فکسچر اور دیگر سامان سے سجایا جاسکتا ہے۔ سینٹر ٹیبل اگر شیشے والی ہے تو اس کا شیشہ میز کو ٹون ڈاؤن کرنے کے ساتھ ساتھ اسے جدید انداز دے گا۔

ٹیکسچر اور چمک

گھر کی کسی بھی دیوار پر سیمنٹ اور پینٹ کے ساتھ ہائی اینڈ ٹیکسچر تخلیق کرناانتہائی مشکل طلب کام ہے۔ اس کی بہت ساری وجوہات ہیں۔ ایک تو یہ کہ یہ کام تخلیق دینے کے لیے آپ کے پاس انتہائی ماہر کاریگر دستیاب ہونا چاہیے۔ اس سے بھی زیادہ اہم بات یہ ہےکہ ہم جس ماحول میں رہتے ہیں، وہاں نمی کی وجہ سے سیمنٹ اور پینٹ کا ٹیکسچر اکھڑنے میں زیادہ دیر نہیں لگتی۔ اس کا بہترین متبادل یہ ہے کہ سنہرے یا چاندی کے رنگ والے ٹیکسچرڈ وال پیپر کا انتخاب کریں، یہ آپ کے کمرے کو چمک بخش دے گا۔

بیڈ کے عقب والی دیوار

آپ کے بیڈ کے ہیڈ بورڈ کے ساتھ بیک گراؤنڈکو ایسا ہونا چاہیے، جسے دیکھ کر آپ کا دل خوابوں کی دنیا میں جانے کے لیے مچلے۔ رنگ اور ڈیزائن کا امتزاج آپ کے بیڈروم کے ماحول کو بدل کر رکھ سکتا ہے۔ بیڈ روم میں سوسن کے پھولوں کے تالاب کا ڈیزائن بنوانا، خوابیدہ احساس کو اُبھارتا ہے، اسے آپ وال پیپر اور پینٹ، دونوں طرح سے حاصل کرسکتے ہیں۔ پینٹ کے ذریعے یہ ڈیزائن بنوانا وقت طلب ہوسکتا ہے، اس کے برعکس وال پیپر کے ذریعے کم وقت میں مطلوبہ وال بنوائی جاسکتی ہے۔

وال آرٹ

جوافراد یہ نہیں چاہتے کہ وال پیپر کا پیٹرن سارے کمرے پر حاوی ہوجائے، ان کے لیے وال آرٹ بہتر رہتا ہے۔ دیوارپر پینٹ کے لیے روشن رنگ کا انتخاب کریں، جیسے کہ پیلا رنگ۔ اس کے علاوہ دیوار کے ایک ہی اسلوب کو توڑنے کے لیے دیوار پر اپنےذوق کے مطابق کسی پھول کا ڈیزائن چسپاں کردیں۔ یہ سادہ اور جدید دیوار آپ کے شاہانہ ذوق کی عکاس ہوگی۔

کلاسیکل خوبصورتی

جب شاندار وال پینلز کے ساتھ گھر کو کلاسک تھیم دینا مقصود ہو تو وال پیپر سے ایسا کنڑاسٹ ملنا ناممکن ہوجاتا ہے، اس کے لیے آپ کے پاس واحد چوائس وال پینٹ ہے۔ کمرے کو خاص بنانے کے لیے وال پینٹ کے ساتھ ساتھ دیوار پر پینٹنگز نصب کریں، ساتھ ہی فرنیچر، فکسچر اور دیگر سامان کو اپنی جگہ ایسے رکھیں کہ ہر چیز ایک دوسرے کو کامپلی منٹ کرے۔