پینل ڈسکشن کا انعقاد کیسے کیا جائے؟

October 25, 2020

اکثر آپ کو ٹی وی چینلز پر پینل ڈسکشن یا بحث سننے کو ملتی ہے،یا پھر اخبارات میں ایک پورا صفحہ کسی نہ کسی موضوع پر پینل کے شرکاء اور ان کی تصاویر سے سجا ہوتاہے، خاص طورپر بجٹ یا کوئی بھی پالیسی نافذ ہونے کےبعد اکثر مباحثے پینل کے ذریعے ہی ہوتے ہیں۔ پینل ڈسکشن میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو متعلقہ عنوانات پر بات چیت کے لیے مدعو کیا جاتا ہے اور ان کا مباحثہ سامعین سنتے یا ناظرین دیکھتے ہیں۔ عام طور پر ہر ایک پینلسٹ پیش کردہ موضوع پر دوسروں سے مختلف رائے رکھتا ہے جس سے سامعین کو سیکھنے یا سننے کا موقع ملتا ہے۔

پینل بحث کی تعریف

پینل ڈسکشن ایک ایسا فارمیٹ ہے جو کنونشنوں، کانفرنسوں اور اجلاسوں میں استعمال ہوتا ہے جہاں ایک مخصوص موضوع پر تجربہ کار اور ہنر مند افراد کا ایک گروپ سامعین کے سامنے بات چیت یا بحث مباحثے میں مشغول ہوتا ہے۔ ایک ناظم(Moderator)، پینلسٹ کے سامنے سوالات پیش کرکے بحث کی رہنمائی کرتا ہے اور اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ بحث مباحثہ متعلقہ موضوع تک محدود رہے اور سامعین اپنے سوالات کے جوابات پینل کے ذریعہ حاصل کرسکیں۔ لہٰذا، یہ ضروری ہے کہ ناظم، صحیح سمت میں رہنمائی کرے اوریہ یقینی بنائے کہ سامعین کا وقت ضائع نہ ہو۔

پینل کے لیے نشست کا انتظام کئی طرح سے کیا جاسکتا ہے جیسے کہ گول یا مستطیل میز کے اردگرد نشستوں پر، سامعین کے سامنے کرسیاں رکھ کر یا پھر ایک پوڈیم پر سامعین کے قریب دیگر پینلسٹ کا سامنا کرتے ہوئے۔ اگر آپ اپنے کالج یا یونیورسٹی میں کسی پینل ڈسکشن کی تیاری کررہے ہیں تو آپ کو ذیل میں درج چند باتیں اپنے ذہن میں رکھنی چاہئیں۔

پینلسٹ منتخب کرنا

پینل ڈسکشن کے لیے پینلسٹ منتخب کرنا سب سے اہم مرحلہ ہوتا ہے۔ متعلقہ اداروں یا شعبوں سے پینل کے لیےتین سے پانچ قابل افراد منتخب کریں۔ جن لوگوں کا انتخاب کیا جائے ان کے بارے میں مکمل معلومات اور تحقیق پہلے ہی کرلینی چاہئے۔

آپ کو اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ وہ تمام افراد متعلقہ موضوع کے حوالے سے قابلیت رکھتے ہوں اور ماضی میں اس قسم کے پینلز میںشرکت کرچکے ہوں ، ان کے پاس متنوع پس منظر، تعلیم، تجربہ وغیرہ سب کچھ ہو۔

فکر انگیز موضوع

پینل ڈسکشن کے لیے عنوان منتخب کرتے وقت یاد رکھنے والا سب سے اہم نقطہ یہ ہے کہ وہ معنی خیز ہویا پھر انڈسٹری میں ا س کی بازگشت ہونی چاہئے۔ عنوان اتنا اہم ہو کہ نہ صرف پینلسٹ اس میں شرکت کریں بلکہ اس پر کُھل کر اظہار رائے بھی کریں۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ موضوع بہت عام نہ ہو اور نہ ہی ایسا کہ جس پر مباحثہ جلد ختم ہو جائے یا کوئی اور رُخ اختیار کرلے۔

موڈریٹر سے پینلسٹ کی ملاقات

ایونٹ کے انعقاد سے پہلے پینل کے تمام شرکاء کا موڈریٹر سے تعارف کروانا ایک اچھا خیال ہوسکتاہے۔ اس سے نہ صرف انہیںایک دوسرے کو سمجھنے میں آسانی ہوتی ہے بلکہ سامعین کے سامنے گفتگو سے پہلے وہ ایک دوسرے کی شخصیت کو جاننے کے اہل ہوجاتے ہیں۔ اس عمل سے پینل ڈسکشن کے دوران ہونے والی گفتگو سہل بنانے میںبہت مدد ملتی ہے۔

ذرا سوچئے کہ کسی اجنبی کے ساتھ آپ کی گفتگو کیسے معنی خیز ہو سکتی ہے، جس سے آپ تھوڑی دیر پہلے ملے ہوں۔ لہٰذا کوشش کریں کہ ایک دن قبل نہ سہی مگر ڈسکشن شروع ہونے سے پہلے موڈریٹر اور شرکاء آپس میں تبادلہ خیال کریں۔

ہنر مند ناظم کا انتخاب

اپنے منتخب کردہ موضوع کو مدنظر رکھتے ہوئے نظامت کے فرائض انجام دینے والے کا انتخاب کریں۔ ضروری نہیںکہ ناظم (موڈریٹر) آپ کے منتخب کردہ عنوان پر مہارت رکھتا/ رکھتی ہو لیکن وہ یقینی طور پر پینل ڈسکشن کو ہموار اور ٹریک پر رکھنے میںمدد کرے گا / گی۔ پینل کے لیے ایسے ماہر موڈریٹر کا انتخاب کریںجو قابل افراد کے پینل کی رہنمائی اعتما دسے کرنے کی اہلیت رکھتا ہو۔

سوالات کی تیاری

اگر آپ کا منتخب کردہ موڈریٹر موضوع پر مہارت رکھتا ہے تو آپ کو سوالات تیار کرنے میںاس کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ سوالات واضح اور پینل کے پس منظر میںہوں تاکہ پینلسٹ جواب دینے میں جوش و خروش کامظاہر ہ کریں۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ موڈریٹر دوسروں کے مقابلے میں کسی ایک پینلسٹ کی حمایت نہ کرے۔

پینل روم کا انتظام

اس بات کو یقینی بنائیں کہ پینل ڈسکشن کے لیے منتخب کردہ کمرے یا مقام کی ترتیب اس طرح رکھی جائے جس سے ہر ممبر، حتیٰ کہ سامعین کو بھی اس میں حصہ لینے کی ترغیب ملے۔ اس کا مطلب یہ ہوسکتا ہے کہ سامعین کی نشستیں پینلسٹ کے قریب رکھی جائیں اور لوگوں کو وہاں بیٹھنے کی ترغیب دی جائے۔ آپ پینلسٹ سے بھی پوچھ سکتے ہیں کہ ان کے لیے کس قسم کی سیٹنگ آرام دہ رہے گی۔

بحث شروع کریں

کسی بھی کانفرنس ، کنونشن یا اجلاس میں پینل کے مباحثے معلومات کے حصول کا ذزیعہ بنتے ہیں۔ کسی بھی قسم کی بحث یا بات چیت نئے آئیڈیاز، مختلف نقطہ نظر اور بصیرت کو سامنے لاتی ہے، یہی وجہ ہے کہ پینل کے مباحثوں والے ایونٹ عموماً کامیاب ہوتے ہیں۔

اس بات کو ذہن میں رکھیں کہ پینل کے تمام مباحثے مختلف ہو سکتے ہیں اور یہ بھی ممکن ہے کہ اس کے مطلوبہ نتائج نہ ملیں لیکن جب تک گفتگو متعلقہ موضوع پر رہے گی تو اس سے بہت کچھ حاصل کیا جاسکتاہے۔