جاوید اختر نے کنگنا رناوت کے خلاف مقدمہ دائر کردیا

November 03, 2020

معروف بھارتی شاعر اور نغمہ نگار جاوید اختر نے اداکارہ کنگنا رناوت کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کردیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جاوید اختر نے ممبئی کی ایک عدالت میں بالی ووڈ کوئن کے خلاف بے بنیاد الزامات لگانے پر مقدمہ دائر کیا۔

اپنی درخواست میں جاوید اختر نے موقف اختیار کیا کہ اداکارہ نے ان کے خلاف بے بنیاد تبصرے کیے جس نے ان کی ساکھ کو نقصان پہنچایا۔

واضح رہے کہ آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت نے بالی ووڈ میں منشیات کے استعمال اور اس میں موجود ڈرگ مافیا کی قلعی کھول کے رکھ دی تھی۔

اس حوالے سے کنگنا رناوت نے بھی ساتھی اداکاروں اور فلم سازوں پر ڈرگز مافیا کا حصہ ہونے کے الزامات لگائے تھے جبکہ ایک مرتبہ بالی ووڈ میں ڈرگز مافیا کے گروپ کے بارے میں بات کرتے ہوئے انھوں نے جاوید اختر کا نام بھی لیا تھا۔

خیال رہے کہ کنگنا رناوت بالی ووڈ میں اقربا پروری پر بھی انڈسٹری کے مخصوص طبقے کو تنقید کا نشانہ بناتی رہتی ہیں۔