کچن کی تعمیر کے لئے چند ضروری تجاویز

November 07, 2020

خوبصورت گھر کے ساتھ خوبصورت باورچی خانہ (کچن) بھی ہر ایک کا خواب ہوتا ہے۔ ساتھ ہی یہ بھی خواہش ہوتی ہے کہ اس میں آرائش و آسائش کا سامان بھی قابلِ رشک ہو۔ ایک اچھا باورچی خانہ گھر کی خاتون خانہ کے مزاج کا آئینہ دار ہوتا ہے۔ اس میں استعمال ہونے والی ہر شے اور رنگوں کا امتزاج آپ کے ذوق کی عکاسی کرتا ہے جبکہ اس کی صفائی ستھرائی آپ کی نفاست کو ظاہر کرتی ہے۔

اس حوالے سے آپ باور چی خانہ کے پیشہ ور ماہرین اور ڈیزائنرز سے مدد بھی حاصل کر سکتے ہیں۔ اگر آپ باورچی خانہ کی تزئین و آرائش کے لیےماہر ڈیزائنر سے مدد نہیں لینا چاہتے تو یہ مضمون آپ کی رہنمائی کے لیے پیش کیا جارہا ہے۔ ان تجاویز کو پیشِ نظر رکھ کر آپ اپنے گھر میں بہترین باورچی خانہ تعمیر کرسکتے ہیں۔

ضروری رقبہ

6سے8افراد کے خاندان یا تین سے چار بیڈ روم والے گھر کے لیے 12x12فٹ کا کچن اچھا رہے گا۔ اگر آپ کے پاس کچن کی تعمیر کےلیے جگہ کم ہے تو آپ مختلف طریقوں سے کچن کو کشادہ دکھا سکتے ہیں۔ باورچی خانے کے فرنیچر اور استعمال ہونے والے دیگر سامان کے درمیاں مناسب جگہ کا ہونا بہت ضروری ہے ۔

مثلاً کیبنٹس، درازیں اور کچن کی الماری وغیرہ کے درمیاں مناسب ترتیب و تنظیم بہت ضروری ہے، تاکہ باورچی خانے میں کام کرنے میں کوئی اُلجھن اور آنے جانے میں رکاوٹ نہ ہو۔

ڈیزائن کی اہمیت

آپ اپنے گھر کے مجموعی ڈیزائن اور جگہ کی مناسبت سے باورچی خانہ کے لیے U،Lاور Iڈیزائن کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ کچھ گھروں کا مجموعی نقشہ ایسا ہوتا ہے کہ وہاں تکونی باورچی خانے بھی اچھے لگتے ہیں۔

فرش کا انتخاب

کچن کے لیے درست فرش چننا آسان نہیں ہے۔ اس کے لیے آپ کلاسک ٹائلوں، پی وی سی، لینولیم، لکڑی اور ماربل وغیرہ کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ آپ کے لیے بہترین فرش وہ رہے گا، جو آپ کے بجٹ اور باورچی خانے کی مجموعی سیٹنگ کو مزید اُبھارنے اور نکھارنے کا ذریعہ بنے۔

کیبنٹس اور دراز یں

کچن میں نیچے بنی ہوئی کیبنٹس اور درازیں بڑےبرتن اور دیگر چیزیں رکھنے کے کام آتے ہیں۔ اوپر کے کیبنٹس ایک فٹ سے زیادہ چوڑے نہیں ہونے چاہئیںاور ان کا سلیب سے فاصلہ تقریباً دو فٹ ہونا چاہیے تاکہ وہ آسانی سے استعمال کیے جا سکیں۔

باورچی خانہ میں لگائے جانے والے مختلف کیبنٹس کا سائز اور ان کااسٹائل ایک دوسرے سے مختلف ہو سکتا ہے۔ یہ اس پر منحصر ہے کہ آپ کس کیبنٹ میں کیا چیز کتنی مقدار میں رکھیں گے۔ اسی طرح درازوں کا استعمال بھی مختلف چیزوں کے لحاظ سے مختلف ہو تا ہے۔ آپ کو اپنے باورچی خانہ کی جگہ کے لحاظ سے ساری منصوبہ بندی کرنا ہوگی۔

تازہ ہوا اور روشنی کا انتظام

تازہ اور قدرتی ہوا کا باورچی خانے میں داخل ہونا بہت ضروری ہے۔ اس سے ایک تو کچن کی بُو دور ہوتی ہے، دوسرا دیواروں اور فرنیچر پر کائی اورپھپوندی بھی نہیں لگتی۔ اسی طرح، قدرتی روشنی سے باورچی خانہ اور زیادہ روشن نظر آتا ہے۔ اگرچہ لائٹس کا انتظام اچھا ہونا چاہیے، لیکن باورچی خانہ میں قدرتی روشنی کی اہمیت سے کسی طور انکار نہیں کیا جا سکتا۔

عام طور پر کھڑکی، سِنک کے ساتھ لگائی جاتی ہے تاکہ آپ کام کے ساتھ ساتھ باہر کے نظاروں اور تازہ ہوا کا بھی لطف لے سکیں۔ باورچی خانے میں ایک اہم چیز گرم ہوا باہر نکالنے والا پنکھا بھی ہے، جسے ایگزاہسٹ فین کہتے ہیں۔ کوکنگ اور بیکنگ کرتے ہوئے آپ کو اپنے گھر کو تندور بننے سے بچانے کے لیے اس کی ضرورت پڑتی ہے۔

چولہے اور فریج کی جگہ

باورچی خانے میں چولہا سب سے ضروری اور بنیادی چیز ہے، جس کا اوون کے ساتھ مکمل سیٹ ہوتا ہے۔ چولہا ایسی جگہ پر ہونا چاہے، جہاں گیس یا بجلی کی فٹنگ بالکل قریب ہو۔ آپ کو اس بات کا بھی خاص خیا ل رکھنا چاہیے کہ فریج سہی جگہ پر رکھا ہو اور آپ کو کچن میں کام کرنے میں مشکل نہ پیش آئے۔ فریج کا دروازہ کھولنے میں مشکل نہیں ہونی چاہیے تاکہ چیزیں آسانی سے رکھی اور نکالی جا سکیں۔ اگر کوئی دوسرا فرد فریج کا دروازہ کھولنا چاہے تو باورچی خانے میں کام کرنے والے کو جگہ کی تنگی کا احساس نہ ہو۔

دیگر اپلائنسز

باورچی خانہ، اپلائنسز کے بغیر ادھورا ہوتا ہے۔ اپلائنسز آپ کی طویل مدتی سرمایہ کاری ہیں، اس لیے ان پر سوچ سمجھ کر خرچ کریں۔ باورچی خانے کے دیگر اپلائنسز میں جوسر، مکسراور ایگ بیٹر شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بھی کئی اپلائنسز کے آپشنزموجود ہیں، جن کی خریداری کا دارومدار آپ کے بجٹ پر ہے۔

کٹلری منظم کرنا

ایک مصروف گھر کے اندر جس چیز کی آپ کو سب سے زیادہ ضرورت ہوتی ہے، وہ ہے کٹلری۔ ہر چیز اپنی جگہ پر ہو تو آپ کو اور کیا چاہیے، اس کیلئے آپ الگ سے کوئی شیلف بنواسکتے ہیں یا پھر اس مقصد کیلئے درازیں بھی استعمال کی جاسکتی ہیں۔ سب سے ضروری چیز، جس کے بغیر آپ کی کوکنگ ادھوری ہے، وہ ہے معیاری اور تیز چھریوں کا سیٹ۔

چھریوں کا استعمال آپ کو روزمرہ کوکنگ میں بہت زیادہ کرنا پڑتا ہے، اس لیے ان کا بہترین معیار کا ہونا ضروری ہے۔ چھریاں رکھنے کے لیے کیبنٹ میں خصوصی جگہ بنوائیں تاکہ انھیں اٹھانے اور رکھنے میں ہاتھ محفوظ رہیں۔