’’ہار پی ایگل‘‘ عجیب و غریب پرندہ

November 22, 2020

آپ نے آسمان پر گدھ تو اڑتے دیکھے ہوں گے،جب کہ چڑیا گھر کی سیر کے دوران آپ کی ملاقات ’’الو‘‘ سے بھی ہوئی ہوگی۔ لیکن چند سال قبل برازیل کے جنگلات میں ایسا پرندہ پایا گیا جسے دیکھ کر آپ حیران ہوجائیں گے۔

اس کا چہرہ الو جیسا ہے اور جسامت ایک بڑے گدھ کی طرح ہے۔ یہ عجیب و غریب پرندہ چیل کی نسل سے تعلق رکھتا ہے جسے ’’ہارپی ایگل‘‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔

برازیل میں اسے شاہی شکرا (دی رائل ہاک) کے نام سے پکارا جاتا ہے۔اس پرندے کا قد و قامت اور جسامت دوسرے پرندوں کے مقابلے میں خاصی بڑی ہے، اسے دیکھنے والا حیران ہوجاتا ہے۔ اس کی آنکھوں میں ایک خاص چمک ہے جسے دیکھ کر ہیبت ہوتی ہے۔ اس کے تیز نوکیلے پنجے دیکھ کرانسان چند لمحوں کے لیے خائف ہوجاتا ہے۔ ماہرین حیوانات کے مطابق ،یہ چیل کی نسل کا سب سے بڑا پرندہ ہے جس کا وزن 5 سے 9 کلوگرام تک ہوسکتا ہے۔ حیران کن بات یہ ہے کہ نر کے مقابلے میں مادہ کا وزن زیادہ ہوتا ہے جو 12 کلوگرام تک ہوسکتا ہے۔بارپی ایگل اپنا شکار خود کرتے ہیں ۔

یہ بہت طاقتور ہوتے ہیں اور ان کے بازوؤں کا گھیر سات فٹ تک پہنچ جاتا ہے۔ دنیا بھر کے بارانی جنگلات میں پائے جاتے ہیں اور گھنے درختوں کی بلند و بالا ٹہنیوں پر اپنا مسکن بنا کر رہتے ہیں۔ لیکن موسمیاتی تغیرات کی وجہ سے ان گھر تباہ ہورہے، جس کی وجہ سے ان کی نسل معدومیت کا شکار ہورہی ۔

دنیا میں ان کی آبادی 50 ہزار ہی باقی رہ گئی ہے جو ایکتشوش ناک امر ہے۔ ہارپی ایگل چھوٹے پرندوں، کانٹے دار چوہوں، سلاتھ، چھوٹے پرندوں، سانپ اور گرگٹ وغیرہ کو شوق سے کھاتے ہیں۔تمام پرندوں کی بہ نسبت اس کے پنجے اور ناخن بڑے اور طاقتور ہوتے ہیں جن کی لمبائی چار انچ تک ہوتی ہے۔ اپنے پنجوں سے یہ بڑے جانور کو آسانی سے دبوچ لیتے ہیں۔