جو بائیڈن ٹوئٹر پر کتنے مقبول؟

November 23, 2020

امریکی صدارتی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد امریکا کے صدر منتخب ہونے والے جو بائیڈن نے کچھ ہی دنوں میں سوشل میڈیا پر بھی اپنی مقبولیت کے جھنڈے گاڑ دیے ہیں۔

74 سالہ ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست دے کر امریکا کے 46ویں صدر منتخب ہونے والے 77 سالہ جوبائیڈن کو جہاں دُنیا بھر میں مقبولیت مل رہی ہے تو وہیں مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر موجود جوبائیڈن کے تصدیق شدہ اکاؤنٹ پر اُنہیں 19 اعشاریہ 5 ملین صارفین نے فالو کرلیا ہے۔

ہر گُزرتے دن کے ساتھ ٹوئٹر پر جوبائیڈن کے چاہنے والوں میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور وہ دن دور نہیں کہ جب 20 ملین ٹوئٹر جوبائیڈن کو فالو کرلیں گے۔

اگر ہم جوبائیڈن کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کا جائزہ لیں تو اُنہوں نے صرف 30 لوگوں کو اپنے تصدیق شدہ اکاؤنٹ سے فالو کیا ہوا ہے جن میں اُن کی اہلیہ، امریکا کی نو متخب نائب صدر کملا ہیرس سمیت اُن کے دیگر عزیز و اقارب شامل ہیں۔

دوسری جانب فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر موجود جوبائیڈن کے اکاؤنٹ کو اب تک 13 اعشاریہ 8 ملین صارفین نے فالو کرلیا ہے جبکہ جوبائیڈن نے صرف 100 لوگوں کو انسٹاگرام پر فالو کیا ہوا ہے۔

خیال رہے کہ 77 سالہ جوبائیڈن امریکی صدارتی انتخابات میں 74 سالہ ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست دے کر امریکا کے 46ویں صدر منتخب ہوئے ہیں۔