امریکی صدارتی انتخابات کے فاتح جوبائیڈن کی اہلیہ نے جیت کے بعد سوشل میڈیا پر اپنے شوہر کے ہمراہ تصویر شیئر کرتے ہوئے تمام امریکیوں کے لیے خصوصی پیغام جاری کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جو بائیڈن کی اہلیہ ڈاکٹر جِل بائیڈن نے اپنے شوہر کے ہمراہ ایک خوبصورت تصویر شیئر کی جس میں وہ دونوں اپنے گھر میں موجود ہیں جبکہ امریکا کے نو منتخب صدر اور اُن کی اہلیہ نے ہاتھ میں ایک کارڈ لیا ہوا ہے۔
جو بائیڈن اور اُن کی اہلیہ کے ہاتھ میں موجود کارڈ پر انگیریزی زبان میں لکھا ہوا ہے کہ ’ڈاکٹر اور صدر بائیڈن یہاں رہتے ہیں۔‘
امریکا کے نو منتخب صدر کی اہلیہ نے تصویر شیئر کرتے ہوئے تمام امریکیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’جوبائیڈن تمام خاندانوں کے صدر ہوں گے۔‘
اس سے قبل جوبائیڈن کی صاحبزادی نومی بائیڈن نے بھی اپنے والد کی جیت کے بعد ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک جذباتی تصویر شیئر کی تھی۔
تصویر میں و بائیڈن کی جیت پر اُن کے اہلخانہ نے جذباتی ہوتے ہوئے اُنہیں گلے سے لگایا ہوا تھا اور اُن کے لیے اپنی خوشی کا اظہار کرتے دکھائی دے رہے تھے۔
خیال رہے کہ 77 سالہ جوبائیڈن امریکی صدارتی انتخابات میں 74 سالہ ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست دے کر امریکا کے 46ویں صدر منتخب ہوئے ہیں۔