• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماسک پہننے کی ہدایت دینا سیاسی بیان نہیں ہے، جو بائیڈن

امریکا کے نو منتخب صدر جو بائیڈن کہتے ہیں کہ ماسک پہننے کی ہدایت دینا کوئی سیاسی بیان نہیں ہے۔

امریکی صدارتی انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے امریکا کے نو منتخب صدر بننے کے بعد سوشل میڈیا پر زیادہ متحرک رہنے والے جوبائیڈن نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر عالمی وبا کورونا وائرس سے بچنے سے متعلق ایک اہم بیان جاری کیا ہے۔

جوبائیڈن نے ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں کہا کہ ’ماسک پہننے کی ہدایت دینا کوئی سیاسی بیان نہیں ہے بلکہ یہ ہر محبت وطن کا فرض ہے کیونکہ ایسا کرنے سے ہم اپنے ملک کو عالمی وبا سے محفوظ رکھ سکیں گے۔‘

اس سے قبل ایک بیان میں جوبائیڈن نے کہا تھا کہ حکومت کی جانب سے شٹ ڈاؤن کا سامنا ہے، انہیں کورونا ویکسین کی مقدار کے بارے میں بتایا ہی نہیں جارہا۔

انہوں نے کہا تھا کہ قانون کے تحت جو بظاہر جیتے اسے حکومتی ڈیٹا تک رسائی ملنی چاہیے، ٹرمپ انتظامیہ کا ہار نہ ماننا کورونا کے خلاف اقدام کو تاخیر کا شکار بناسکتا ہے۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات کے اعتبار سے 10 سرِ فہرست ممالک میں 33 کروڑ سے زائد آبادی کا حامل امریکا پہلے نمبر پر ہے جہاں اس وائرس سے اب تک 2 لاکھ 58 ہزار 333 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 1 کروڑ 20 لاکھ 70 ہزار 712 ہو چکی ہے۔

کورونا وائرس کے امریکا میں 45 لاکھ 68 ہزار 891 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 22 ہزار 469 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 72 لاکھ 43 ہزار 488 کورونا مریض اب تک شفایاب ہو چکے ہیں۔

تازہ ترین