ہمیشہ ڈرگز کے استعمال سے انکار کیا، شعیب اختر

November 23, 2020

پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور اسپیڈ اسٹار شعیب اختر نے کہا ہے کہ انھیں اپنے کیریئر کے دوران قوت بخش ڈرگز کے استعمال کے گھناؤنے مشورے دیے گئے تاہم انھوں نے ہمیشہ ڈرگز کے استعمال سے انکار کیا۔

خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر نے توانائی میں غیر ضرور اضافے کے لیے ادویات لینے سے متعلق لب کشائی کردی۔

اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کی سالانہ منشیات جلاؤ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگوں نے مجھے بہتر گیند بازی کے لیے ڈرگز کے استعمال کا مشورہ دیا، تاہم میں کبھی اپنے راستے سے نہیں اترا۔

شعیب اختر نے کہا کہ جب میں نے کرکٹ کھیلنا شروع کی تو مجھ سے کہا گیا کہ میں کبھی تیز گیند بازی نہیں کرسکتا اور 100 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند پھینکنے کا سنگ میل بھی عبور نہیں کر سکتا، تاہم مجھے اس کے لیے ڈرگز کا استعمال کرنا ہوگا۔

اپنی بات کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے شعیب کا کہنا تھا کہ میں نے ہمیشہ یہ کام کرنے سے انکار کیا۔

راولپنڈی ایکسپریس نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ اسی ڈرگز کے استعمال کی وجہ سے ایک ورلڈ کلاس پاکستانی کرکٹر کا کیریئر ختم کردیا گیا۔

انھوں نے کہا کہ نوجوان بولر محمد عامر کو دورہ انگلینڈ سے قبل خبردار کیا گیا تھا تاہم پھر بھی وہ برے لوگوں کی صحبت میں چلے گئے۔

ایک اسپورٹس پرسن کے لیے صحت مند سرگرمیوں کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے شعیب کا کہنا تھا کہ نوجوان وزیراعظم عمران خان کو ہی دیکھ لیں جو روزانہ باقاعدگی کے ساتھ صبح سویرے چہل قدمی پر جاتے ہیں۔

واضح رہے کہ نومبر 2006 میں ڈگرز کا استعمال ثابت ہونے پر شعیب اختر پر دو سال اور اس وقت کے ابھرتے ہوئے ورلڈ کلاس بولر محمد آصف پر ایک سال کے لیے پابندی عائد کردی گئی تھی۔