55دکانوں کو سربمہر کرنے کے معاملے پر نظر ثانی کی جائے ‘بازار یونین

November 24, 2020

پشاور (لیڈی رپورٹر)الخدمت تاجران کے چیئرمین اور خیبربازار یونین کے صدر خالد محمود نے کہا ھے کہ خیبربازار میں 55دکانوں کو سربمہر کرنے کے معاملے پر نظر ثانی کی جائے خیبربازار میں اوقاف اور کینٹ کا معاملہ عدالت میں زیر بحث ہے۔ اس لیے عدالت کے حکم سے قبل دکانوں کو بند کرنا تاجر دُشمنی ہے ۔ ان دکانوں میں کروڑوں روپے مالیت کا سامان سربمہر کردیا گیا ہے ۔جس سے تاجروں کو روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں کا نقصان ہورہا ہے ۔ محکمہ اوقاف اور کینٹ بورڈ کے متعلقہ افسران اس معاملے میں افہام وتفہیم کا مظاہرہ کریں۔ان خیا لات کا اظہار انہوں نے صدر الخدمت تاجران پشاور خالد گل مہمند ، خیبربازار یونین کے جنرل سیکرٹری حاجی بشیر زادہ ، نائب صدر یونین ڈاکٹر شہزاد پر مشتمل وفد نے جماعت اسلامی پشاور کے امیر عتیق الرحن سے ملاقات میں کیا ۔ ملاقات میں خیبربازار میں 55دکانوں کو سربمہر کرنے کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے جماعت اسلامی پشاور کے امیر عتیق الرحمن نے یقین دلایا کہ جماعت اسلامی خیبربازار کے تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن مدد کرے گی۔ جماعت اسلامی کے امیر نے کورکمانڈرپشاور اور صوبائی وزیر اوقاف سے مطالبہ کیاکہ تاجروں اور مزدوروں کی دادرسی کے لیے فوری اقدام کریں۔