​ بھارت مسلمانوں کی نسل کشی کررہاہے،عبدالاعلی درانی

November 28, 2020

بریڈفورڈ(پ ر) مرکزی جمعیت اہل حدیث برطانیہ کے سیکرٹری اطلاعات مولانا حافظ عبدالاعلی درانی نے کہا ہے کہ 5 اگست 2019 سے اب تک مقبوضہ کشمیر کا بھارتی محاصرہ 479 روز میں داخل ہو چکا ہے،اباقوام متحدہ، سلامتی کونسل کے صدر اور سیکرٹریجنرل کو توجہ دینا ضروری ہوگیا ہے کہ نہتے کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل عام کی آزادانہ تحقیقات کرائیں، مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے، ابھی حال ہی میں پاکستان نے اقوام متحدہ اور او آئی سی ممالک کو بھارت کی پاکستان میں دہشت گردی کے ناقابل تردید شواہد پر مبنی ڈوزیئر پیش کیے ہیں جس میں دہشت گردوں کی مالی امداد اور منصوبہ بندی و تنظیم کے شواہد موجود ہیں، پاکستان بھارتی ریاستی دہشت گردی کو بے نقاب کرنے کے لیے عالمی برادری کو کئی بار مطلع کرتا چلا آرہا ہے، مولانا عبدالاعلیٰ درانی نے کہا کہ بھارت جموں و کشمیر میں اپنی ریاستی دہشت گردی اور پاکستان میں تخریب کاری سے توجہ ہٹانے کیلئے عالمی برادری میں بے بنیاد پروپیگنڈا کر رہا ہے،بطور دہشت گردی سے متاثرہ ریاست پاکستان بھارتی ریاستی دہشت گردی کو بے نقاب کرنا جاری رکھے گا، رواں برس 2840 مرتبہ بھارت نے ایل او سی پر جنگ بندی کے خلاف ورزیاں کیں جن میں 27 نہتے شہری شہید اور 240 سے زائد زخمی ہوئے، مولانا عبدالاعلیٰ نے کہا کہ او آئی سی کے وزرائے خارجہ اجلاس کے ایجنڈا پر جموں و کشمیر کے نہ ہونے کی اطلاعات بے بنیاد پروپیگنڈا ہیں، بھارت اس قسم کا پروپیگنڈا کر رہا ہے، یاد رہے کہ کشمیر کا مسئلہ مستقل طور پر او آئی سی کے ایجنڈے کا حصہ ہے، توقع ہے کہ کل ہونے والا او آئی سی کا اجلاس کشمیر پر سخت موقف اپنائے ۔