حکومت کی ریگولیٹر سے آکسفورڈ ویکسین کی اثر انگیزی کا جائزہ لینے کی درخواست

November 29, 2020

لندن (پی اے) حکومت نے ریگولیٹر سے آکسفورڈ / آسٹرا زینیکا کی تیار کی گئی کورونا وائرس ویکسین کی اثر انگیزی کا جائزہ لینے کی درخواست کی ہے تاکہ برطانیہ کو اس کے ممکنہ استعمال کے لئے تیار کیا جائے۔ حکومت نے کہا ہے کہ ’’ میڈیسن اینڈ ہیلتھ کیئر پروڈکٹس ریگولیٹری ایجنسی(ایم ایچ آر اے ) کو ریفرل ویکسین کے استعمال کے لئے منظوری کی جانب ’’ ایک پہلا اہم قدم ‘‘ ہے۔حکومت کی جانب سے ریگولیٹر کو درخواست یہ خبر سامنے آنے کے بعد کی گئی ہے کہ ’’ ایڈوانسڈ ٹرائلز‘‘ ویکسین کی خوراک ’’ انتہائی اثر انگیز‘‘ پائی گئی۔ حکومت نے پہلے ہی آکسفورڈ ویکسین کی 100 ملین خوراک کی خریداری کا آرڈر دے دیا ہے۔ایم ایچ آر اے سے حکومت نے حالیہ درخواست فائزر /بائیو این ٹیک ویکسین کی اثر انگیزی کا جائزہ لینے کی درخواست کے ایک ہفتہ بعد کی ہے۔ وزیر صحت میٹ ہانکوک نے کہا ہے کہ حکومت ایم ایچ آر اے کی جانب سے کسی ایک کی منظوری ملنے کے فوری بعد ’’ویکسین لگانے کے لئے بہترین پوزیشن‘‘ کے لئے انتھک کام کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ریگولیٹر سے رسماً آکسفورڈ /آسٹرا زینیکا ویکسین کی اثر انگیزی کا جائزہ لینے کے لئے کہا ہے تاکہ یہ سمجھا جا سکے کہ اعدادوشمار اور اس کا احاطہ سیفٹی کے سخت معیارات پر پورا اترتے ہیں یا نہیں ۔ محکمہ صحت اور سوشل کیئر ( ڈی ایچ ایس سی ) نے کہا ہے کہ برطانیہ دنیا کے ان ممالک میں سےپہلا ملک ہے جو ویکسین وصول کرے گا، اجازت ملنے کی صورت میں آسٹرا زینیکا کے پاس سال کے اختتام تک برطانیہ کے لئے 4 ملین خوراک تیار ہوں گی جبکہ مارچ 2021 کے اختتام تک 40 ملین خوراک دستیاب ہوں گی۔