صحت مند بالوں کیلئے سیکاکائی شیمپو گھر میں بنائیں

December 02, 2020

بالوں کا گرنا ایک عام مسئلہ ہے جس سے تقریباً ہر دوسرا فرد پریشان نظر آ رہا ہے، بال گرنے کی ایک عمر ہوتی ہے مگر آج کل خراب آب و ہوا کی وجہ سے بالوں کا عمر سے قبل اور تیزی سے جھڑنا عام ہوتا جا رہا ہے اور یہ عمل موسم سرما کے آتے ہی مزید تیز ہو جاتا ہے۔

جِلد، ناخن اوربالوں کےماہرینِ کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر اگر 60 بال گر رہے ہیں تو یہ ایک قدرتی عمل اور عام بات ہے اور اگر بالوں کی گرنے کی تعداد 100 یا اس سے زائد تو پھر پریشان ہونے کی بات ہے۔

موسم سرما میں بالوں کے جھڑنے کی رفتار دگنی ہو جاتی ہے جس کے لیے مرد و خواتین مہنگے شیمپو یا پھر مہنگے ٹریٹمنٹس کے لیے پارلر کا رُخ کرتے ہیں جس سے صرف پیسے کا ضیاع ہوتا ہے اور بالوں کا گرنا جوں کا توں رہتا ہے جبکہ صدیوں سے بالوں کی خوبصورتی کے لیے استعمال ہونے والی جڑی بوٹی سیکا کائی کا استعمال بالوں کو نہ صرف صحت مند بناتا ہے بلکہ بالوں کو پہلے سے مضبوط بنا کر گرنے سے بھی روکتا ہے۔

مارکیٹس سے ملنے والے کمیکل سے بھر پور شیمپوؤں میں کئی اقسام کے مصنوئی اجزا موجود ہوتے ہیں جو بالوں کی ساخت اور سر کی جلد دونوں کو خشک اور متاثر کرتے ہیں، کمیکل والے شیمپوز کا سب سے بڑا مسئلہ یہ بھی ہوتا ہے کہ وہ بالوں سے گریس صاف کرنے کے لیے ڈٹرجنٹ کی طرح کام کرتے ہیں، اس میں پائے جانے والے کیمیکلز بالوں میں موجود قردرتی تیل کو نکال دیتے ہیں جس سے سر پر خشکی اور بالوں کی جڑوں میں خون کی گردش متاثر ہوتی ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق بالوں کے گرنے سے روکنے کے لیے غذا کا مثبت ہونا بھی نہایت لازمی ہے، اگر غذا اچھی ہو اور ساتھ میں چند آسان گھریلو ٹوٹکوں کا بھی استعمال کر لیا جائے تو بالوں کی صحت بہتر اور برقرار رہتی ہے۔

گھر پر سیکا کائی کے پانی سے بال دھونے اور اس سے شیمپو بنانے کے آسانطریقے درج ذیل ہیں جن کے استعمال سے بغیر کسی نقصان کے خوبصورت، لمبے ، گھنے اور چمکدار بال حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

سیکا کائی کا پانی

خشک جڑی بوٹی سیکا کائی لیں اور اب اسے پیس کر حسب ضرورت پانی میں ملا کر پیسٹ بنا لیں، اس پیسٹ کو بالوں کی جڑوں میں لگائیں، اس عمل کو ہفتے میں دو سے تین بار لازمی دہرائیں۔

سیکا کائی کو اپنے بالوں کی لمبائی کے مطابق پانی میں پکا لیں، ٹھنڈا ہونے پر بالوں میں اچھی طرح سے یہ پانی لگا لیں اور آدھے گھنٹے بعد بالوں کو دھو لیں۔

سیکا کائی کو پیس کر اس کا سفوف بنا کر رکھ لیں، نہانے سے آدھا گھنٹہ قبل دہی میں مکس کر کے بالوں میں یہ ماسک لگائیں اور 30 منٹ بعد دھو لیں۔

سیکا کائی شیمپو بنانے کا طریقہ اور استعمال

سو گرام ریٹھے کو رات بھر ادھا گلاس پانی میں بھگو دیں، صبح بلینڈ کر کے اس میں ایک سے دو چھوٹے چمچ سیکا کائی پاؤڈر ڈال کر بلینڈ کرلیں، اب اسے پندرہ منٹ رکھا رہنے دیں بعد ازاں شیمپو کی طرح استعمال کر لیں۔

پانچ سو گرام سیکا کائی، ڈھائی سو گرام میتھی، ڈھائی سو گرام مونگ کی دال، ایک گڈھی تلسی کے پتے اور سو گرام ریٹھا ایک کپڑے یا کاغذکے ٹکڑے پر بچھا دیں اور دو دن کے لیے دھوپ میں سکھانے کے لیے رکھ دیں۔

دو دن بعد جب یہ سب اجزا اچھی طرح سے سوکھ جائیں تو انہیں پیس کر پاؤڈر بنا لیں اور ایک جار میں محفوظ کرلیں، جب بال دھونے ہوں تھوڑا پاؤڈر نکال پانی میں ملا لیں اور شیمپو کی طرح استعمال کریں۔