صدیوں سے بطور غذا اور دیگر فوائد حاصل کرنے کے لیے استعمال ہونے والا میتھی دانہ صرف کھانے کا ذائقہ بڑھانے کے لیے ہی کام نہیں آتا بلکہ مجموعی صحت کے لیے بھی انتہائی اہم ہے، اس موسم سرما میں وائرل بیماریوں سے بچنے کے لیے اکثر گھروں میں نظر انداز ہونے والے میتھی دانے کے فوائد جاننا نہایت لازمی ہے۔
موسم سرما کی سبزی میتھی اور میتھی دانے کو سرد اور خشک موسم میں خاص طور پر بطور غذا استعمال کے لیے تجویز کیا جاتا ہے۔
ماہرین غذائیت کے مطابق میتھی دانہ غذائیت، فائبر اور نیوٹرا سیوٹیکل اجزا سے بھرپور غذا ہے، گرم تاثیر کے حامل میتھی دانے کے موسم سرما میں باقاعدگی سے استعمال کے نتیجے میں کئی موسمی بیماریوں سے نجات حاصل ہوتی ہے۔
میتھی دانے کے استعمال سے حاصل ہونے والے فوائد مندرجہ ذیل ہیں:
ماہرین غذائیت کے مطابق میتھی دانے میں اور میتھی سبزی میں قدرتی طور پر اینٹی الرجی خصوصیات پائی جاتی ہیں، میتھی دانہ نزلہ، زکام، بے تحاشہ چھینکیں، ڈسٹ الرجی کے شکار لوگ اور سائنس سے متاثرہ افراد کے لیے انتہائی مفید دوا قرار دی جاتی ہے۔
میتھی دانے سے بنی چائے
ڈسٹ الرجی سے بچاؤ کے لیے میتھی دانے کی چائے کا استعمال انتہائی مفید ہے، میتھی دانہ کی چائے بنانے کے لیے ایک چائے کے چمچ میتھی دانے کو آدھا گلاس پانی میں ابالیں، اب اس چائے کو چھان کر اس میں حسب ذائقہ شکر یا شہد ملا کر صبح نہار منہ یا پھر رات سونے سے قبل پندرہ سے بیس روز تک استعمال کریں۔
سردیوں میں روزانہ کھانا کھانے کے بعد اگر میتھی دانہ آدھے چمچ کے برابر پانی کے ساتھ پھانک لیا جائے تو اس عمل سے موسم سرما کی متعدد بیماریوں سے حفاظت ہوتی ہے۔
سردی کی وجہ سے پیشاب کی تکلیف ہو تو میتھی دانے کو شہد کے ساتھ استعمال کرنے سے افاقہ ہو تا ہے۔
موسم سرما میں عام ہونے والی الرجی کی قسم پولن الرجی میں میتھی دانے کی چائے نہات مفید ثابت ہوتی ہے، میتھی دانے کی چائے کھانسی، حلق کی سوجن اور درد میں بھی بہتر علاج ثابت ہوتی ہے۔
موسم سرما میں میتھی دانے کی چائے پینے سے سانس کی تکلیف سے بھی نجات ملتی ہے اور معدے کی جلن کے لیے بھی یہ مفید ہے۔
میتھی دانے کی چائے دائمی قبض کا بھی علاج ہے۔
میتھی دانے کا استعمال موسمی بخار کا دورانیہ کم کر دیتا ہے۔
امراض نزلہ، زکام اور بخار میں خالی پیٹ دن میں تین چار مرتبہ ایک کپ میتھی کا قہوہ پئیں۔
میتھی کا قہوہ بنانے کے لیے خشک میتھی کے پتے یا میتھی دانے کا ایک بڑا چمچ ایک گلاس پانی میں اتنا ابالیں کہ پانی ایک کپ رہ جائے۔
اس قہوے کو اب صبح شام استعمال کریں، ذائقہ پسند نہ آئے تو اس میں شہد اور لیموں کے چند قطرے بھی شامل کیے جا سکتے ہیں۔
خواتین اور بچوں کی صحت کے لیے میتھی دانہ اور سبزی مفید غذا
دودھ پلانے والی خواتین کو میتھی دانے کا زیادہ استعمال کرنا چاہیے۔
ایسی خواتین اور بچے جو جلد تھک جاتے ہوں، بھوک نہ لگتی ہو یا ہاضمہ خراب رہتا ہو انہیں میتھی کی سبزی بنا کر ہفتے میں دوبار ضرور کھانی چاہیے۔
موسم سرما میں عموماً کھائی جانے والی میتھی دانے کی کھچڑی جسے سردی کے ہر مرض کا توڑ بھی کہا جاتا ہے۔
میتھی کی دانے کی کھچری بنانے کی ترکیب:
آدھا کپ میتھی دانہ رات کو بھگو دیں، صبح میتھی دانے سے پانی نتھار لیں، اب ایک برتن میں تیل ڈال کر اس میں میتھی دانہ شامل کر لیں اور ہلکا سا فرائی کر لیں۔
اب اس میں ایک پاؤ چاول ڈال کر مناسب پانی اور نمک شامل کریں اور ڈھک کر پکنے رکھ دیں، جب پانی خشک ہونے لگے تو کھچڑی کو دم پر لگا دیں۔
اگر کھچری پتلی رکھنا چاہیں تو دگنا پانی اور ٹوٹا چاول کا استعمال کریں۔
کھچری تیار ہونے پر میٹھی دانے اور چاولوں کو گھوٹ لیں، پیاز اور پسے ہوئے لہسن کا بگھار لگائیں۔
اس کھچری کو مزید لذیذ بنانے کے لیے لہسن، پودینے، ہری مرچیں پیس کر پانی میں چٹنی بھی بنا لیں۔
اس کھچری میں اگر چاہیں تو اسی طرح کسی بھی دال کو بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔
سردی کے موسم میں صبح ناشتے میں اس کھچری کو گرم مکھن یادیسی گھی کے ساتھ استعمال کیا جا سکتا ہے۔