• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موسم سرما میں سر اور جلد سے خشکی کیسے ختم کی جائے ؟

موسم سرما میں خشک اور ٹھنڈی ہواؤں کے باعث بالوں کی جڑوں اور جلد پر خشکی کا آجانا بہت عام سی بات ہے، خشکی کے سبب خارش کی شکایت بھی عام ہے جس سے بچنے کے لیے طرح طرح کی بیوٹی پروڈکٹس استعمال کی جاتی ہیں جن کا فائدہ نہ تو دیر پا ہوتا ہے اور نہ ہی تسلی بخش۔

ماہرین جِلدی امراض کے مطابق موسم سرما میں خارش اور خشکی جیسی شکایت سے بچنے کے لیے صفائی کا خاص خیال رکھنا چاہیے جبکہ ٹھنڈے موسم کے دوران صاف جِلد پر ہر وقت موسچرائزر لگائے رکھنا بھی لازمی ہوتا ہے ورنہ جِلد خشک ہونے سمیت کھردری ہو کر پھٹنے لگتی ہے۔

سرد اور خشک موسم میں اس بار جلد سے متعلق ان سب ہی شکایات سے نجات حاصل کرنے کے لیے سادہ اور نہایت مفید چند ٹپس پر عمل کر کے نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔

کھوپرے کا تیل

کھوپرے کا تیل خشکی کا آزمودہ اور موثر علاج ہے جبکہ اس کی خوشبو بھی قابل قبول ہوتی ہے، سرد موسم میں جِلد کو خشکی سے بچانے کے لیے نہانے سے قبل تین سے پانچ چائے کے چمچ نیم گرم کھوپرے کے تیل سے بالوں کی جڑوں اور جسم پر مالش کر لیں، بعد ازاں کسی اچھے شیمپو اور صابن سے نہا لیں، کوشش کریں کہ ایسا صابن اور شیمپو استعمال کیا جائے جس کے اجزا میں کھوپرے کے تیل کی خصوصیات پائی جاتی ہوں۔

سیب کا سرکہ

سیب کا سرکہ سر کی خشکی کا بہترین حل ہے کیونکہ اس میں پائی جانے والے ایسڈک اجزا سر میں خشکی بننے کے عمل کو روک دیتے ہیں، ایک چوتھائی کپ اس سرکے کو پانی سے بھری اسپرے بوتل میں شامل کریں اور اپنے سر پر چھڑکاؤ کریں، چھڑکاؤ کے بعد سر پر تولیہ لپیٹ لیں اور پندرہ منٹ سے ایک گھنٹے تک سرکہ سر پر لگا رہنے دیں، بعد ازاں بال شیمپو کر لیں، یہ عمل ایک ہفتے میں دو بار دہرانے سے خشکی سے ہمیشہ کے لیے نجات دلا دے گا ۔

شہد

شہد بھی خشکی سے نجات حاصل کرنے کے لیے ایک قدرتی ذریعہ ہے، شہد کا خشکی بھگانے کے استعمال کے لیے 9 حصے شہد اور 1 حصہ گرم پانی کا مکس کریں، دھلے ہوئے صاف بالوں اور جلد پر یہ مرکب دو سے تین منٹ لگائیں اور مالش کریں، اس کے بعد نہا لیں، سر ہر شہد تین گھنٹوں کے لیے بھی لگایا جا سکتا ہے۔

ایلو ویرا جیل

بالوں کی جڑوں میں خارش ہونے کی ایک بڑی وجہ خشک جلد ہوتی ہے، ایلو ویرا قدرتی موئسچرائزر قرار دیا جاتا ہے، اس میں جراثیم کش اور خشکی کو بھگانے والی والی خصوصیات پائی جاتی ہیں، ایلوویرا جیل کو سر پر اور جلد پر براہ راست لگائیں اور 20 منٹ کے بعدنہا لیں۔

ٹی ٹری آئل

ٹی ٹری آئل ورم کش اور جراثیم کش ہوتا ہے جو کہ بالوں میں خشکی اور خارش کی شکایت پر قابو پانے میں مدد دیتا ہے، ٹی ٹری آئل وائرسز اور فنگل سے بھی لڑتا ہے جو کہ خشکی اور سر میں خارش کا باعث بنتے ہیں، ٹی ٹری آئل کے چند قطرے اپنے پسندیدہ شیمپو میں ملائیں اور اس عمل کو اس وقت تک دہراتے رہے جب تک خشکی اور خارش ختم نہیں ہوجاتی، گھر میں استعمال ہونے والا عام موسچرائزر میں ملا کر بھی اس کا استعمال جلد پر کیا جا سکتا ہے۔

زیتون کا تیل

موسم سرما میں زیتون کے تیل کی مالش کرنا صدیوں پرانا ٹوٹکا ہے، زیتون کے تیل کے دس قطروں کو سر پر ٹپکا کر اس کی مالش کریں اور سر کو کسی ٹوپی یا تولیے میں ڈھانپ کر سو جائیں، اس کا استعمال ناہنے سے قبل جلد پر مالش کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے جبکہ نہانے کے فوراً بعد پورے جسم پر زیتون کا تیل لگا لینے سے خشکی سے کافی حد تک نجات ملتی ہے۔

لیموں

خشکی سے نجات پانے کے لیے دو چائے کے چمچ لیموں کے عرق یا جوس کی مالش اپنے سر پر کریں اور پانی سے دھولیں، اس کے بعد ایک چائے کا چمچ لیموں کا جوس ایک کپ پانی میں ملائیں اور اپنے سر کو اس سے بھگولیں، اس طریقہ کار کو روزانہ اس وقت تک استعمال کریں جب تک خشکی کا خاتمہ نہ ہوجائے، جلد سے خشکی ختم کرنے کے لیے لیموں کے رس میں شہد، گلیسرین ملا کر رات کو بطور کریم ہاتھ پاؤں پر لگائیں۔

تازہ ترین