سارہ علی خان اکشے کمار کی شکر گزار کیوں؟

December 05, 2020

بالی ووڈ کے نواب سیف علی خان کی صاحبزادی اور ورسٹائل اداکارہ سارہ علی خان نے سوشل میڈیا پر اداکار اکشے کمار کا شکریہ ادا کیا ہے۔

فوٹوز اور ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ سارہ علی خان نے اپنی اور اکشے کمار کی ایک خوبصورت تصویر شیئر کی ہے۔

انسٹاگرام پر شیئر کردہ تصویر میں سارہ علی خان نے اپنی پوسٹ کے ساتھ کیپشن میں لکھا کہ ’اترنگی رے مزید رنگین بن گئی‘ اس کے آگے انہوں نے کچھ ایموجیز بھی بنائے ہیں۔


سارہ علی خان نے اکشے کمار کو مخاطب کرتے ہوئے اپنے کیپشن میں مزید لکھا کہ ’اکشے کمار! میں آپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے بہت پرجوش اور آپ کی بہت شکر گزار ہوں۔‘

اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر یہ پوسٹ 22 گھنٹے قبل شیئر کی تھی جسے اب تک 12 لاکھ سے زائد مداح لائیک کرچکے ہیں جبکہ اُن کی اس پوسٹ پر انسٹا صارفین کی جانب سے تبصروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

واضح رہے کہ ’اترنگی رے‘فلم ساز آنند ایل رائے کی فلم ہے جس کی شوٹنگ کا آغاز رواں سال پہلی مارچ سے ہوگیا ہے، اس فلم میں سارہ علی خان، اکشے کمار اور دھنش پہلی مرتبہ ایک الگ انداز میں نظر آئیں گے۔

اس فلم کی کہانی دو بھارتی ثقافتوں کا مرکب ہے۔ فلم میں اکشے کمار ایک خاص رول کرتے دکھائی دیں گے، یہ بھی سننے میں آیا ہے کہ اس فلم میں سارہ علی خان ڈبل رول میں ہوں گی۔ اس فلم میں وہ اکشے اور دھنش کے ساتھ رومانس کرتی نظر آئیں گی۔

فلم ’اترنگی رے‘ آنند ایل رائے کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ہے۔ فلم کی کہانی نیشنل ایوارڈ یافتہ ہمانشو شرما نے لکھی ہے اور اے آر رحمان فلم کے موسیقار ہیں۔ آنند ایل رائے کی فلم اترنگی اگلے سال 14 فروری کو ریلیز ہوگی۔