• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’صحت بخش‘ غذاؤں میں موجود پریزرویٹوز دل کی بیماری اور بلڈ پریشر کا خطرہ بڑھا سکتے ہیں، تحقیق

نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ دہی، جوس، ہول گرین بریڈ اور دیگر عام غذاؤں میں شامل پریزرویٹوز دل کی بیماریوں اور بلند فشارِ خون (ہائی بلڈ پریشر) کے خطرے کو نمایاں طور پر بڑھا سکتے ہیں۔

یورپین ہارٹ جرنل میں شائع ہونے والی فرانسیسی سائنسدانوں کی تحقیق  کے مطابق وہ افراد جو سب سے زیادہ پریزرویٹوز استعمال کرتے ہیں، ان میں دل کی بیماری، دل کے دورے اور فالج کا خطرہ 16 فیصد زیادہ پایا گیا۔

اسی طرح ان افراد میں بلند فشارِ خون ہونے کا امکان تقریباً 30 فیصد زیادہ تھا، جو فالج کا سب سے بڑا سبب ہے۔

یونیورسٹی آف پیرس کے محققین نے تقریباً ایک لاکھ 12 ہزار 400 افراد کی غذائی عادات کا 7 سے 8 سال تک جائزہ لیا۔ شرکاء نے ہر چھ ماہ بعد اپنی خوراک اور مشروبات کی تفصیلات فراہم کیں۔

نتائج کے مطابق تقریباً تمام افراد نے کم از کم ایک پریزرویٹو استعمال کیا، لیکن خطرہ صرف ان میں زیادہ پایا گیا جنہوں نے سب سے زیادہ مقدار میں یہ اجزاء کھائے۔

کم استعمال کرنے والے افراد روزانہ اوسطاً 156 ملی گرام پریزرویٹوز لیتے تھے، جبکہ زیادہ استعمال کرنے والوں کی مقدار 1 گرام سے زائد تھی۔ زیادہ استعمال کرنے والوں کی خوراک میں الٹرا پروسیسڈ فوڈز کا تناسب بھی زیادہ تھا۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ دل کی بیماری کے خطرے میں اضافہ خاص طور پر آٹھ پریزرویٹوز سے جڑا ہوا ہے، جن میں پوٹاشیم سوربیٹ، پوٹاشیم میٹابائی سلفائیٹ، سوڈیم نائٹرائٹ اور ایسکوربک ایسڈ شامل ہیں۔ یہ اجزاء بیکری مصنوعات، جوس، پروسیسڈ گوشت اور آئس کریم سمیت کئی غذاؤں میں استعمال ہوتے ہیں۔

محققین کا کہنا ہے کہ یہ اجزاء جسم میں آکسیڈیٹو اسٹریس پیدا کر سکتے ہیں، جو خلیوں کو نقصان پہنچاتا ہے اور سوزش، بڑھاپے اور بیماریوں کا باعث بنتا ہے۔ تاہم چونکہ یہ تحقیق مشاہداتی تھی، اس لیے براہِ راست یہ ثابت نہیں کیا جا سکتا کہ پریزرویٹوز ہی بیماریوں کا سبب ہیں۔

ماہرین نے تجویز دی ہے کہ متعلقہ ادارے جیسے یورپ میں ای ایف ایس اے اور امریکا میں ایف ڈی اے ان اجزاء کے خطرات اور فوائد کا دوبارہ جائزہ لیں تاکہ صارفین کو بہتر تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ 

فی الحال عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ تازہ اور کم پروسیسڈ غذائیں جیسے پھل، سبزیاں، مچھلی، دالیں اور فائبر سے بھرپور خوراک استعمال کریں تاکہ دل کی بیماری اور بلند فشارِ خون سے بچا جا سکے۔


نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے، اپنی کسی بھی بیماری کی تشخیص اور اس کے علاج کےلیے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

صحت سے مزید