سردیوں میں چھت اور ٹیرس کو کام میں لائیں

January 02, 2021

طلوع ہوتے سورج کی تمازت سردیوںکی صبح کو پُرسکون بنادیتی ہے۔ اس موسم میںدھوپ سینکنے کے لیے ہم اکثر چھت یا ٹیرس کا رُخ کرتے ہیں۔ لیکن اس کے لیے چھت یا ٹیرس کو بھی اس قابل ہونا چاہیے کہ وہاں آپ آرام سے دھو پ کے مزے لے سکیں ۔ سورج کی شعاعوں میں موجود وٹامن ڈی جسم کو درکار اہم ترین وٹامنز میں سے ایک ہے، جو جسم کے عضلات، پٹھوں، ہڈیوں اور دانت کو مضبوط کرتا ہے اور جسم کے اہم اعضاء جیسے دل، گردے، پھیپھڑے اور جگر کو مضبوطی کے ساتھ تحفظ فراہم کرتا ہے۔

مصروف زندگی میں اپنے گھر والوں کے لیے تھوڑا سا وقت نکال کر ان کے ساتھ بتانا ضروری ہے۔ اس کے لیے آپ اپنی چھت یا ٹیرس کو آرام دہ بیٹھک بنا سکتے ہیں، جہاںشام کی چائے اور کھانے سے لطف اندوز ہوا جاسکتا ہے۔ آجکل کے دور میں ہر کوئی اپنے اپنے کاموں میں مصروف رہتا ہے، لہٰذا جب بھی آپ کو تھوڑا سا فارغ وقت ملے تو آپ اسے اپنےگھر والوں کے ساتھ چھت یا ٹیرس پر گزار کر خوبصورت بنا سکتے ہیں۔ چھت اور ٹیرس کا بہتر استعمال نہ صرف آپ کو بیٹھک کے لیے ایک مکمل اور خوبصورت جگہ فراہم کرے گا بلکہ اس سے آپ کے گھر کی قدروقیمت بھی بڑھے گی۔

اگر آپ کے گھر کی چھت نامکمل یا درست حالت میں نہیں ہے تو بہتر ہے کہ اسے مکمل کرلیا جائے یا اس کی مرمت کروالی جائے۔ چھت کے لیے اگرگہرے رنگ کے ٹائلز یا سرامکس کا استعمال کرلیاجائے تو آپ خود محسوس کریں گے کہ گھر کی خوبصورتی اور اس کی گرماہٹ میںاضافہ ہوگیاہے۔ اس کا ایک فائدہ یہ بھی ہوتا ہے کہ اس پر پانی نہیں ٹھہرتا اور دھلائی یا صفائی میں بھی آسانی ہو جاتی ہے۔

ٹائلز یا سرامکس پر بچوںکو کھیلنے یا سائیکل وغیرہ چلانےمیںبھی مزہ آئے گا اور آپ بھی سردیوںکی شاموںسے لطف اندوز ہوسکیں گے۔ چھت کی ڈیزائننگ کرتے وقت اس بات کو ضرور دیکھا جاتا ہے کہ اس کو کس طرح زیادہ سے زیادہ کھلا اور خوبصورت بنایا جائے، جو آپ کے بیٹھنے کی ضرورت کو بھی پورا کرے اور دیکھنے میں دلکش بھی لگے۔ اکثر لوگ اس حوالے سے ماہرین سے مشورہ کرتے ہیں۔

ڈائننگ ایریا

آپ اپنی چھت یا ٹیرس کو کھانا کھانے کی جگہ بھی بنا سکتے ہیں۔ کرسیوں اور کھانے کی میز کو اپنی چھت یا ٹیرس پر لگائیں اور کھانے کے ساتھ ساتھ آپس میں گفتگو کرکے اس وقت کو مزید پرلطف بنائیں۔ اگر آپ کی چھت یا ٹیرس ایک خوبصورت انداز سے بنے ہیں تو آپ ان میں تھوڑی مزید بہتری لاکر انہیں اور زیادہ خوبصورت بنا سکتے ہیں۔ چھت پر کچن بنانے کے خیال کو بھی اچھا تصور کیا جاتا ہے۔

جہاں گھر کے تمام افراد مل کر اپنی پسند کے کھانے بنا سکتے اور اس سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ اگر کچن کا آئیڈیا مناسب نہ لگے تو باربی کیو کائونٹر بنایا جاسکتاہے اور باربی کیو پارٹیز سے لطف اٹھایا جاسکتاہے۔ سردیوں کی دھوپ میں بیٹھ کر حلوہ پوری اور نان چھولے کھانے میںجو مزہ ہے، وہ کسی اور چیز میںنہیں۔

چھت پر آتش دان

اگر چھت پر بیٹھنے کا عمدہ انتظام ہو تو لائم اسٹون اسٹائل کے آتش دان چھت پر یا فرنٹ پورچ میں تیار کروائے جاسکتے ہیں۔ اس طرح کے آتش دانوں کے لیے فرنٹ پورچ کی مرکزی دیوار پتھروں کے ساتھ تعمیر کروائی جاتی ہے جبکہ آتش دان کے لیے جگہ چھوڑ دی جاتی ہے۔ سرد موسم میں اس جگہ کو استعمال کرتے ہوئے یہاں آگ جلائی جاتی ہے اور مونگ پھلی یا چلغوزوں کے مزے لیتے ہوئے معیاری وقت گزارا جاسکتا ہے۔ سردیاں گزرنے کے بعد بھی یہ دیوار بے حد خوبصورت اور اسٹائلش معلوم ہوتی ہے۔

اگر آپ کے پاس چھت نہیں ہے تو آپ اپنے ٹیرس میں چند کرسیاں ڈال کربھی بیٹھنے کا انتظام کرسکتے ہیں۔ یہاں ایک چھوٹا ساآتش دان بھی ماحول کو گرم اور ماحول دوست بنانے میں اہم کردا ر ادا کرے گا۔ مارکیٹ میں مٹی سے تیار کیے گئے خوبصورت اور اسٹائلش آتش دان دستیاب ہیں، جنھیں سٹنگ ایریا کے درمیان رکھ کر سردیوں میں ماحول کو گرمایا جاسکتاہے۔ اس کے علاوہ وہاں بیٹھ کر کتابیںپڑھی جاسکتی ہیںاورہوم ورک بھی کیا جاسکتا ہے۔

ٹیرس کا فائدہ

اگر آپ کا ٹیرس اس سمت میںہے، جہاں سورج طلوع یا غروب ہوتے ہوئے اپنی شعاعیں نچھاور کرتاہے تو پھر آپ خود کو خوش قسمت سمجھیے۔ سب سے پہلے اپنے ٹیرس سے فالتو سامان ہٹائیں اور دھوپ کے مزے لینے کے لیے یہاںصوفہ یا کوئی بنچرکھ دیں۔ اگر گرمیوںمیںدھوپ کی تپش سے بچنے کے لیے آپ نے کوئی شیڈ لگا رکھا ہے تو سردیوں میںاسے ہٹالیں تاکہ بآسانی دھوپ سینک سکیں۔