جرمنی میں ’’ بائے بائے کورونا‘‘ والے سرنج کیک تیار

January 14, 2021

جرمنی کے شہر ڈارٹمنڈ کی بیکری میں ایک ایسا کیک تیار کیا گیا ہے جو ہو بہو سرنج کی طرح ہے اور اُس پر ’’ بائے بائے کورونا‘‘ کی عبارت درج ہے۔

جرمنی کی شوورنر بیکنگ پیراڈائز بیکری انوکھی چیزیں بنانے میں دنیا بھر میں شہرت رکھتی ہے، کورونا کی ابتدا میں جب ٹوائلٹ پیپرز رولس کی کمی کا سامنا ہوگیا تھا تو بیکری نے ٹوائلٹ پیپر کی شکل کا کیک تیار کرکے عالمی شہرت حاصل کی تھی۔

اب جب کہ دنیا بھر میں کورونا ویکسینیشن کا آغاز ہوچکا ہے اور اس عالمی وبا کے خاتمے کی امید پیدا ہوچکی ہے تو شوورنر بیکنگ پیراڈائز نے اس موقع پر بھی کیک کا ایک نیا ڈیزائن تیار کیا ہے۔ یہ کیک سرنج کی شکل کا ہے جس پر’’ بائے بائے کورونا‘‘ درج ہے۔

بیکری کے مداحوں نے اس کیک کو کافی پسند کیا ہے اور اس کیک کو عالمی وبا کے خاتمے کی ابتدا کا جشن قرار دیتے ہوئے کہا کہ کیک کھاتے ہوئے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ہم اس وبا کو منطقی انجام تک پہنچا رہے ہیں۔