اسکاٹش لیبر پارٹی کے سربراہ نے استعفیٰ دے دیا

January 16, 2021

گلاسگو (نمائندہ جنگ) اسکاٹش لیبر پارٹی کے سربراہ رچرڈ لیونارڈ نے پارٹی کی لیڈر شپ سے اچانک استعفیٰ دے دیا ہے۔ گزشتہ کچھ عرصے سے اسکاٹش لیبر پارٹی کا ایک بااثر گروپ ان کی قیادت سے مطمئن نہ تھا اور ان کے استعفیٰ کا مطالبہ کرچکا تھا، لیکن اس وقت رچرڈ لیو نارڈ نے مستعفی ہونے سے انکار کردیا تھا، اب جبکہ اسکاٹش پارلیمنٹ کے لیے مئی میں ہونے والے الیکشن کے لیے صرف چند ماہ رہ گئے ہیں، ان کا استعفیٰ بالکل غیر متوقع ہے۔ رچرڈ جوکہ سابق لیبر لیڈر جرمنی کوربن کے قریبی ساتھی تھے۔ان کا کہنا ہے کہ میں نے اپنا استعفیٰ پارٹی کے بہترین مفاد میں دیا ہے اور میں بطور ممبر پارلیمنٹ اپنا کردار ادا کرتا رہوں گا۔یوکے کی لیبر پارٹی کے چیئرمین سر کیئر اسٹارمر نے رچرڈ لیونارڈ کی پارٹی خدمات پر ان کو خراج تحسین پیش کیا ۔اسکاٹش لیبر پارٹی کے لیڈر کے طور پر اس وقت انس سرور کا نام سب سے مقبول شخص کے طور پر لیا جارہا ہے، وہ ماضی میں لیبر پارٹی کے ڈپٹی لیڈر اور قائم مقام لیڈر بھی رہ چکے ہیں، لیکن اب یہ انس سرور پر منحصر ہے کہ کیا وہ الیکشن میں حصہ لیں گے کہ نہیں۔ 2014ء کے ریفرنڈم کے بعد اس بار لیبر پارٹی میں پانچویں بار نئے لیڈر کا چنائو ہوگا۔