مریم نواز کو ریلی میں جمِ غفیر نے حیران کردیا

January 19, 2021

پاکستان مسلم لیگ نون کی نائب صدر اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز ریلی میں بڑی تعداد میں شرکت کرنے والوں کو دیکھ کر حیران رہ گئیں۔

انہوں نے اپنے حالیہ سوشل میڈیا پیغام میں ریلی کے شرکاء کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے حیرانی کا اظہار کیا اور لکھا کہ ’چاروں جانب سے ریلی میں شرکت کرنے والوں کا جمِ غفیر دیکھیں۔‘

مریم نواز نے ایموجی کا استعمال کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں ماشاءاللہ بھی لکھا۔

اسی ضمن میں انہوں نے ایک مختصر ویڈیو بھی شیئر کی۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے خلاف فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے میں تاخیر کے خلاف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی جانب سے آج اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے سامنے کیے جانے والے احتجاج میں شرکت کرنے کے لیے مریم نواز روانہ ہو گئیں۔

مریم نواز مری سے اسلام آباد روانہ ہوئی ہیں، وہ پہلے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ پہنچیں گی۔

پی ڈی ایم رہنما مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ پر جمع ہو کر ان کی قیادت میں ایک ساتھ شاہرہ دستور کے لیے روانہ ہوں گے۔

ادھر احتجاج کے لیے پی ڈی ایم میں شامل سیاسی جماعتوں کے کارکن الیکشن کمیشن کے باہر پہنچنا شروع ہو گئے۔