فلک شبیر نے سارہ خان کو ایک بار پھر پھول پیش کر دیا

January 21, 2021

پاکستان کی خوبصورت فنکار جوڑی گلوکار فلک شبیر اور سارہ خان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جسے اُن کے مداحوں کی جانب سے خوب پسند کیا جا رہا ہے۔

عالمی وبا کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے دوران معروف اداکارہ سارہ خان کے ساتھ شادی کرنے والے گلوکار فلک شبیر نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سارہ خان اسلام آباد کے کسی مال میں موجود ہیں اور فلک شبیر وہاں پہنچ کر بھرے مال میں مداحوں کے سامنے سارہ خان کو لال گلاب کا پھول پیش کر رہے ہیں۔

فلک شبیر کی جانب سے اس قسم کی کافی ویڈیوز شیئر کی جاتی رہتی ہیں جس میں وہ سارہ خان کو پھولوں کا گلدستہ یا گلاب کا پھول دے رہے ہوتے ہیں۔

اس ویڈیو میں فلک شبیر اور سارہ خان کافی خوش دکھائی دے رہے ہیں، دونوں ایک دوسرے کے ساتھ خوب جچ بھی رہے ہیں جبکہ دونوں کے مداح بھی انہیں دیکھ کر شور مچا رہے ہیں اور خوش ہو رہے ہیں۔


اس ویڈیو پر تا حال دونوں کے مداحوں و فالوورز کی جانب سے ہزاروں لائیکس اور کمنٹس آ چکے ہیں۔

مداحوں کی جانب سے اس جوڑے کو ڈھیروں نظر بد سے بچنے کی دعائیں بھی دی جا رہی ہیں۔

مداحوں کی جانب سے کمنٹس کا سلسلہ جاری ہے جس میں ایک مداح کا فلک شبیر کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا ہے کہ ’ میرے بھائی کہیں تو سارہ کو اکیلا چھوڑ دو، ہر جگہ یہ ایک ہی پھول لے کر پہنچ جاتے ہو۔‘

مداح کی جانب سے ہنستے ہوئے مزید لکھا گیا ہے کہ ’مذاق کے علاوہ آپ دونوں ایک ساتھ بہت اچھے لگتے ہیں اور آپ دونوں کی جوڑی میری پسندیدہ ہے۔‘