اسلامی طرزِ زندگی اور وقت کی قدر و قیمت

January 22, 2021

ڈاکٹر سیّد عطاء اللہ شاہ بخاری

دنیا میں وقت سے زیادہ قیمتی کوئی شے نہیں، انسان دنیا میں ترقی کی راہوں پر وقت کی قدرکئے بغیر گامزن نہیں ہوسکتا، اگر آدمی کے پاس وقت نہیں تو وہ ایک سوئی بھی حاصل نہیں کرسکتا، اور اگر وقت ہو اور آدمی اپنی کوشش بھی جاری رکھے تو سونے کی کان تک بھی رسائی حاصل کرسکتا ہے۔چنانچہ جب انسان دنیا میں وقت کو غنیمت جان کر رضائے الٰہی کے حصول میں لگ جاتا ہے تو وہ جنت جیسی ہمیشہ قائم رہنے والی نعمتوں کا مستحق قرار پاتاہے، یہی انسان جب وقت کو فضول کاموں میں ضائع وبرباد کردیتا ہے تو جہنم کا ایندھن بن کے رہ جاتا ہے۔

ارشادِ ربانی ہے،’’(اُن سے کہا جائے گا) خوب لُطف اندوزی کے ساتھ کھاؤ اور پیو ،اُن (اَعمال) کے بدلے، جو تم گزشتہ (زندگی کے) اَیّام میں آگے بھیج چکے تھے۔‘‘(سورۃ الحاقہ)اس کے برعکس اگر اس زندگی میں وقت کی قدر نہ کی جائے اور اسے غفلت، سُستی و کاہلی میں گزارتے ہوئے برائی، شر کی نذر کردیا جائے، تو پھر مایوسی اور ندامت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ سورۃ الفاطر میں ارشاد ربانی ہے، ’’کیا ہم نے تمہیں اتنی عمر نہیں دی تھی کہ اس میں جو شخص نصیحت حاصل کرنا چاہتا، وہ سوچ سکتا تھا اور (پھر) تمہارے پاس ڈر سنانے والا بھی آچکا تھا، پس اب (عذاب کا) مزاچکھو، سو ظالموں کے لیے کوئی مددگار نہ ہوگا۔‘‘

یہی وہ بنیادی فلسفہ ہے، جس کے باعث اسلام میں وقت کی اہمیت پر بہت زور دیا گیا ہے۔ اسے ضایع کرنے کے ہر پہلو کی حوصلہ شکنی کی گئی ہے۔ وقت کی قدر و منزلت اُجاگر ہو اور ہم ہر ساعت کو بہتر طریقے سے گزارنے کے قابل بن جائیں ،تاکہ ہمیں دنیا اور آخرت کی فوز و فلاح نصیب ہو۔ اللہ تعالیٰ نے قرآنِ مجید میں کئی مقامات پر مختلف اوقات کی قسم کھائی ہے، جس سے وقت کی بے پناہ اہمیت اُجاگر ہوتی ہے، کیوں کہ اللہ عزوجل کبھی بھی کسی کم تر چیز کی قسم نہیں کھاتا۔ اللہ تعالیٰ نے سورۃ العصر میں زمانے کی قسم کھاتے ہوئے ارشاد فرمایا، ’’بےشک انسان خسارے میں ہے۔‘‘ (کہ وہ عمرِ عزیز گنوا رہا ہے)۔ حضرت عبداﷲ بن عباس ؓ سے روایت ہے کہ حضور نبی اکرمﷺ نے فرمایا، ’’دو نعمتوں کے بارے میں اکثر لوگ خسارے میں رہتے ہیں، صحت اور فراغت۔‘‘ (صحیح بخاری، سنن ترمذی) اللہ تعالیٰ انسان کو جسمانی صحت اور فراغتِ اوقات کی نعمتوں سے نوازتا ہے، تو ہم اکثر سمجھتے ہیں کہ یہ نعمتیں ہمیشہ رہیں گی اور انہیں کبھی زوال نہیں آئے گا، حالاں کہ یہ صرف شیطانی وسوسہ ہے۔

لہٰذا انسان کو ان عظیم نعمتوں کی قدر کرتے ہوئے انہیں بہتر طریقے سے استعمال میں لانا چاہیے۔ حضور اکرمﷺ کا ارشاد پاک ہے، ’’قیامت کے دن بندہ اس وقت تک (اللہ کی بارگاہ میں) کھڑا رہے گا، جب تک کہ اس سے چار چیزوں کے بارے میں پوچھ نہ لیا جائے گا۔ 1: اس نے اپنی زندگی کیسے گزاری؟ 2: اپنے علم پر کتنا عمل کیا؟ 3: مال کہاں سے کمایا اور کیسے خرچ کیا؟)4) اپنا جسم کس کام میں کھپائے رکھا؟‘‘(جامع ترمذی) حضرت انس بن مالک ؓ سے روایت ہے کہ نبی اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا،’’اگر قیامت قائم ہوجائے اور تم میں سے کسی کے ہاتھ میں کھجور کا چھوٹا سا پودا ہو تو اگر وہ اس بات کی استطاعت رکھتا ہو کہ وہ حساب کے لیے کھڑا ہونے سے پہلے اسے لگا لے گا، تو اسے ضرور لگانا چاہیے۔‘‘(مسنداحمد بن حنبل) ذرا دیکھیے، حضور اکرمﷺ کس قدر وقت کی اہمیت اور اعمالِ صالحہ کا کس قدر احساس دلارہے ہیں کہ اگر قیامت قائم ہوجائے اور کوئی اس نفسانفسی کے عالم میں بھی ذرّہ بھر نیکی کرنے کی استطاعت رکھتا ہو، تو اس میں بھی غفلت کا مظاہرہ نہ کرے، نہ وقت ضایع کرے بلکہ فوراً نیکی کر ڈالے۔

حضرت عبداﷲ بن عباس ؓسے روایت ہے کہ حضور اکرم ﷺ نے فرمایا، ’’پانچ چیزوں کو پانچ سے قبل غنیمت سمجھو، زندگی کو مرنے سے پہلے، صحت کو بیماری سے پہلے، فراغت کو مشغولیت سے پہلے، جوانی کو بڑھاپے سے پہلے، اور مال داری کو فقر سے پہلے۔‘‘ (مستدرک حاکم) اس حدیثِ پاک میں ہر صاحب ِ ایمان کے لیے یہ تعلیم ہے کہ اس فانی زندگی کے اوقات و اَدوار کو بہت دھیان اور توجّہ کے ساتھ گزارے۔

زندگی کو مرنے سے پہلے غنیمت سمجھے اور اس بات کا استحضار رکھے کہ روزِ قیامت اس کی ہرہر چیز کا حساب ہوگا۔ اس سے ہر چیز کے بارے میں باز پُرس ہوگی اور اسے اپنے ہر ہر قول و فعل کا جواب دینا ہے۔ قیامت کے دن اس کے اعمال نامے کو تمام اوّلین و آخرین کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ یہ وقت بڑی قیمتی دولت ہے، اس سے جو فائدہ حاصل کیا جا سکتا ہے، وہ کرلیا جائے، آج صحت و تن درستی ہے، کل نامعلوم کس بیماری کا شکار ہونا پڑجائے۔ آج جوانی کا سنہرا دَور ملا ہوا ہے، کل بڑھا پے میں نہ جانے کن احوال سے سابقہ پڑے اور کیا امراض و عوارض لاحق ہوجائیں۔ آج صاحبِ حیثیت ہیں، کل پتا نہیں کیا حالت ہوجائے؟ اس لیے جو کرنا ہے، کرلیا جائے، جو کمانا ہے کمالیا جائے، جو فائدہ اٹھانا ہے اٹھالیا جائے، ورنہ وقت دودھاری تلوار ہے، اگر ہم نے اسے نہ کاٹا، تو وہ ہمیں کاٹ ڈالے گی۔

ارشادنبویؐ ہے، صحت اور فراغت دو ایسی عظیم نعمتیں ہیں، جن کے معاملے میں بے شمار لوگ خسارے میں رہتے ہیں، اس لیے بعد میں پچھتانے سے بہتر ہے کہ آج ہی ان کی قدرکرلے۔‘‘ (بخاری، ترمذی) عموماًجن صالح بندوں کے مزاج میں دین داری اور نیکی ہوتی ہے، وہ وقت کے قدر دان ہوتے ہیں۔ انہیں اپنی آخرت بنانے اور دنیا سنوارنے کی فکر دامن گیر رہتی ہے۔ وہ بےکاری، آوارگی، لہو و لعب اور فضولیات میں اپنا وقت ضایع نہیں کرتے، کسی کا برائی سے تذکرہ کرنے، عیب جوئی، بہتان تراشی اور بے کار ولایعنی گفتگو کی انہیں فرصت نہیں ملتی۔ ان کی عملی زندگی حدیثِ نبویؐ کی عملی تفسیر ہوتی ہے۔ ترجمہ: ’’بےشک انسان کے اچھا مسلمان ہونے کی خوبی یہ ہے کہ وہ بے کار اور فضول چیزوں کو چھوڑ دے۔‘‘ (ترمذی 2/58)

ہمارے اسلاف و بزرگانِ دین کی تاب ناک سیرت اور پاکیزہ زندگی میں بھی عمل کا داعیہ رکھنے والوں کے لیے بہترین اسوہ ہے کہ ان حضرات نے اپنی حیات ِ فانی کاسفر پوری ہوش مندی اور بے داری کے ساتھ مکمل فرمایا اور زندگی کے تمام مراحل میں وقت کی قدر دانی کی۔ حضرت ابوذرؓ سے روایت ہے ’’مومن صرف تین چیزوں کا آرزو مند ہوتاہے (1) توشہ آخرت کی فراہمی،(2) معاش کے لیے تگ و دو،(3) حلال چیزوں سے لطف اندوزی۔‘‘ اس حدیث سے یہ بات بھی واضح ہوگئی کہ ہر ایک مسلمان کو اپنے اوقات کس انداز میں ترتیب دینےچاہئیں اورایک مومن ومسلم سے اسلام کا مطالبہ یہ ہے کہ وہ اپنے اوقات کو یا تو عبادت میں لگائے اوراس کے بعد معاش کے حصول میں صرف کرے، کیوں کہ اللہ کے رسول ﷺ کا ارشاد ہے، فرائض کے بعد جو فریضہ انسان پر عائد ہوتاہے، وہ حلال کمائی کا حصول ہے اور اس کے بعد جو وقت بچے، وہ اسے جائز تفریحات میں صرف کرے۔

اللہ تعالیٰ ہمیں وقت کی قدر وقیمت کا احساس کرنے اور ان تعلیمات پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔(آمین)