ثناء خان مفتی انس جیسا شوہر پاکر اللّٰہ کی متشکر

January 23, 2021

گزشتہ سال شوبز چھوڑ کر مذہب کی طرف راغب ہونے والی سابقہ بھارتی اداکارہ ثناء خان کہتی ہیں کہ وہ اللّہ تعالیٰ کی بےحد شکرگزار ہیں کہ اُنہیں مفتی انس جیسے شوہر ملے۔

ثناء خان نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنے شوہر مفتی انس کے مدرسے کی ایک نایاب ویڈیو شیئر کی ہے۔


مذکورہ ویڈیو ’ختمِ بخاری‘ کی ہے جس میں مفتی انس کے اردگرد دیگر مفتی بیٹھے ہیں اور مفتی انس اپنی خوبصورت آواز میں قرآن پاک کی تلاوت کررہے ہیں۔

سابقہ بالی ووڈ اداکارہ نے اپنے شوہر کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ماشاءاللّہ۔‘

ثناء خان نے اس موقع پر جذباتی ہوتے ہوئے لکھا کہ ’یہ دیکھ کر میری آنکھوں میں آنسوں بھی آگئے اور مجھے فخر بھی محسوس ہورہا ہے کہ آپ میرے شوہر ہیں۔‘

اُنہوں نے مفتی انس سے مخاطب ہوکر کہا کہ ’مجھ پر اللّہ تعالیٰ کا لاکھوں احسان ہے کہ آپ مجھے ملے۔‘

شادی کے بعد ثناء خان کی مقبولیت میں بےحد اضافہ ہوگیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ چند ہی گھنٹوں میں اُن کی اس خوبصورت پوسٹ پر اب تک چار لاکھ 46 ہزار سے زائد لائکس آچکے ہیں۔

خیال رہے کہ ثناء خان نے گزشتہ سال بھارتی ریاست گجرات سے تعلق رکھنے والے مفتی انس سے شادی کی تھی۔

بگ باس سیزن 6 سے شہرت پانے والی بالی ووڈ کی سابقہ اداکارہ ثناء خان نے اپنی شادی سے قبل اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

اس موقع پر ثناء خان کا کہنا تھا کہ اب وہ اپنی زندگی انسانیت کی خدمت میں اور اللّٰہ تعالیٰ کے احکامات کے مطابق گُزاریں گی۔