شرمین عبید’حلیمہ سلطان‘ پر کیوں برس پڑیں؟

January 23, 2021

آسکر ایوارڈ یافتہ پاکستانیفلم ساز شرمین عبید چنائے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر زیرِ گردش کرتی حلیمہ سلطان کے پشاور زلمی کے برانڈ ایمبسیڈر بننے کی خبروں پر برس پڑیں۔

گزشتہ دنوں تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ کی معروف کردار ’حلیمہ سلطان‘ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پشاور کے اسلامیہ کالج کی ایک خوبصورت تصویر شیئر کرتے ہوئے اسے ’پھولوں کا شہر‘ قرار دیا تھا۔

اس کے بعدپشاور زلمی کے بانی جاوید آفریدی نے تُرک اداکارہ کا یہ ٹوئٹ ری ٹوئٹ کیا اور وہی کیپشن درج کیا جو حلیمہ سلطان نے لکھا تھا ’پھولوں کا شہر۔‘

جاوید آفریدی کا ری ٹوئٹ دیکھنے کے بعد سوشل میڈیا قیاس آرائیوں کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا کہ اسرا بیلگیچ رواں سال پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) میں بطورِ برانڈ ایمبیسیڈر پشاور زلمی کی نمائندگی کریں گی۔

اس ضمن میں فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک پیچ کی جانب سے اسرا بیلگیچ کے پشاور زلمی کے برانڈ ایمبسیڈر بننے سے متعلق پوسٹ شیئر کی گئی۔

اس پوسٹ پر جہاں انسٹاگرام صارفین نے مختلف تبصرے کیے تو وہیں آسکر ایوارڈ یافتہ پاکستانی ہدایتکار شرمین عبید چنائے بھی کسی سے پیچھے نہ رہیں۔

شرمین عبید نے اس پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ایک تُرک اداکارہ جس کے اپنے ملک کرکٹ نہیں کھیلا جاتا وہ اب پاکستان میں کرکٹ کی نمائندگی کریں گی۔‘

فلم ساز نے شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ ’ہمارے اپنے پاکستانی اداکارائیں کہاں چلی گئیں جو ہمیں غیر ملکی اداکارہ کی ضرورت پڑگئی؟

اُنہوں نے کہا کہ ’اگر آپ اسی طرح تُرک اداکاروں کو اپنے ملک میں کام دیتے رہوگے تو ہماری فلم انڈسٹری بالکل ختم ہوجائے گی۔‘

شرمین عبید نے مزید کہا کہ ’جو کام آپ غیر ملکی فنکاروں سے کروا رہے ہو وہ کام ہمارے پاکستانی فنکار بھی بخوبی کرسکتے ہیں۔‘

دوسری جانب شرمین عبید چنائے کے اس تبصرے کے بعدسوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اُنہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔