بابر اعظم، شاہین آفریدی خطرہ ثابت ہوسکتے ہیں، ڈوپلیسی

January 23, 2021


جنوبی افریقی ٹیم کے سینیئر بیٹسمین فاف ڈو پلیسی کا کہنا ہے کہ وہ پاکستانی سرزمین پر پاکستان سے ٹف سیریز کی توقع رکھتے ہیں، ماضی میں جنوبی افریقا کا ریکارڈ اچھا ضرور رہا ہے لیکن وہ پرانی بات ہوئی، اب بہت کچھ بدل چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی دو ایسے کرکٹرز ہیں جو جنوبی افریقہ کے لیے خطرہ ثابت ہوسکتے ہیں۔

ہفتے کو ٹریننگ سیشن کے بعد آن لائن پریس کانفرنس میں فاف ڈو پلیسی نے کہا کہ جنوبی افریقی ٹیم کیلئے ایک چیلنج یہ ہے کہ اسکا کوئی کھلاڑی پاکستان میں پہلے ٹیسٹ نہیں کھیلا اس لیے کنڈیشنز کا اندازہ نہیں مگر ٹیم نے پاکستان کیخلاف سیریز کی ہر زاویے سے تیاری کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر دیکھا جائے تو پاکستان اور جنوبی افریقا دونوں ہی ٹیمیں متوازن ہیں، دونوں کے پاس نوجوان کھلاڑیوں کی اکثریت ہے اور تجربہ کار پلیئرز کم ہیں لیکن پاکستان بطور ہوم ٹیم ہمیشہ خطرناک ہوتی ہے۔

ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کی واپسی پاکستان ٹیم کے لیے کافی حوصلہ افزا ہوگی، بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی دو ایسے کرکٹرز ہیں جو جنوبی افریقہ کے لیے خطرہ ثابت ہوسکتے ہیں۔