انوشکا کی ہمشکل کا اُن کی بیٹی کی پہلی تصویر پر ردِعمل

February 02, 2021

بالی ووڈ اسٹار انوشکا شرما کی ہمشکل امریکی گلوکارہ جولیا مائیکل نے اُنہیں اُن کی بیٹی کی پیدائش پر مبارکباد دی ہے۔

گزشتہ روز انوشکا شرما نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی خوبصورت فیملی فوٹو شیئر کی تھی جس میں اُنہوں نے اپنی بیٹی کو گود میں اُٹھایا ہوا تھا جبکہ اُن کے شوہر ویرات کوہلی محبت بھری نگاہوں سے اپنی بیٹی کو دیکھ رہے تھے۔


انوشکا شرما نے دلکش تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ اُنہوں نے اپنی بیٹی کا نام ’وامیکا‘ رکھا ہے اور اس کے ساتھ ہی اداکارہ نے ماں بننے کے احساس کو بھی بخوبی بیان کیا تھا۔

ویرات اور انوشکا کی بیٹی کی پہلی تصویر پر جہاں کروڑوں لائکس آئے تو وہیں دُنیا بھر سے اُنہیں مبارکباد دینے کا سلسلہ بھی شروع ہوا۔

ان لوگوں میں انوشکا شرما کی ہمشکل امریکی گلوکارہ جولیا مائیکل بھی شامل ہیں۔

انوشکا شرما کی ہمشکل امریکی گلوکارہ جولیا مائیکل نے اُن کی پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے اُنہیں اُن کی بیٹی کی پیدائش کی مبارکباد پیش کی۔

امریکی گلوکارہ جولیا مائیکل کے اس کمنٹ کو انسٹاگرام صارفین کی بڑی تعداد لائک کررہی ہے۔

واضح رہے کہ سال 2019 میں سوشل میڈیا پر امریکی گلوکارہ جولیا مائیکل کی تصاویر وائرل ہوئی تھی جنہیں دیکھنے کے بعد صارفین نے اُنہیں انوشکا شرما کی ہمشکل قرار دے دیا تھا۔

اس کے بعد انوشکا اور جولیا کی بھی سوشل میڈیا پر دوستی ہوگئی تھی اور دونوں نے انسٹاگرام پر ایک دوسرے کو فالو بھی کرلیا تھا۔

اب انوشکا شرما اور جولیا مائیکل اکثر انسٹاگرام پر ایک دوسرے کی پوسٹس لائک کرتی ہیں اور کمنٹس بھی کرتی ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ ویرات کوہلی اور ان کی اہلیہ انوشکا شرما کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی۔

اس حوالے سے خود ویرات کوہلی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی ایک پوسٹ کے ذریعے مداحوں کو اپنی ننھی پری کی آمد کی اطلاع دی تھی۔

ویرات کے اس بیان کے بعد ہی سوشل میڈیا پر ’اسٹار والدین‘ کے لیے مبارکباد کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔

یاد رہے کہ 2017 میں کرکٹر ویرات کوہلی اور اداکارہ انوشکا شرما نے اٹلی جاکر شادی کی تھی۔

گزشتہ برس دونوں کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا تھا کہ ان کے ہاں ننھے مہمان کی آمد متوقع ہے۔