لوڑکاریز لائبریری کیلئے بلڈنگ فراہم کی جائے گی،احمد نواز بلوچ

February 24, 2021

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنما رکن صوبائی اسمبلی احمد نواز بلوچ نے کہا ہے کہ دور جدید کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے کتابوں سے دوستی ضروری ہے ، ہمارے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ضرورت اس امرکی ہے کہ انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کئے جائیں ۔یہ بات انہوں نے منگل کو تین روزہ سریاب فیسٹیول اورکتب میلے کی اختتامی تقریب سے خطاب میں کیا ، تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔سریاب کے علاقے لوڑ کا ریز لائبریری کے زیر اہتمام نوجوانوں نے رضاکارانہ طورپرتین روزہ کتب میلے کا انقاد کیا گیا جس میں نوجوان سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والوں نے شرکت کی۔میلے کراچی اورلاہور سمیت بلوچستان کے مقامی پبلشرز کی جانب سے اسٹالزلگائے گئے تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی احمد نواز بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں نے مختلف شعبوں میں اپنی قابلیت کا لوہا منوایا ہے ہماری اولین ترجیح ہے کہ نوجوانوں کو لوڑ کاریز لائبریری کیلئے بلڈنگ فراہم کریں تاکہ وہ اپنی سرگرمیوں کو جاری رکھ سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کیلئے نصابی کتب کیساتھ ساتھ غیرنصابی کتابوں کاپڑھناضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیانے اپنے تعلیمی نصاب میں تبدیلی لاکرترقی کی ہے مگربدقسمتی سے ہمارے تعلیمی نصاب میں اتنے زیادہ مضامین شامل کئے گئے ہیں جن کامطالعہ کرناممکن نہیں ،انہوں نے کہا کہ مردوں کیساتھ ساتھ خواتین کو بھی تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے اس لئے ہمیں سب سے لوگوں کی ذہنیت کو بدلناہوگا ۔