راکھی ساونت اپنے شوہر سے طلاق لینے والی ہیں؟

February 24, 2021

بھارتی معروف اداکارہ اور بگ باس کے سیزن 14 کی کنٹسٹنٹ راکھی ساونت نے اپنے شوہر رتیش سے طلاق لینے کا عندیہ دے دیا۔

بھارت کے معروف رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 14 کے فائنل میں 14 لاکھ روپے کی رقم لیکر مقابلہ جیتنے کی ریس سے باہر ہونے والی راکھی ساونت نے اپنے حالیہ انٹرویو میں اپنے شوہر رتیش سے طلاق لینے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ رتیش سے اُن کی شادی غیرقانونی ہے۔

راکھی ساونت نے کہا کہ ’بگ باس میں جانے سے پہلے ہی میری شادی کے بہت مسائل چل رہے تھے کیونکہ میرا شوہر شادی والے دن ہی مجھے چھوڑ کر چلا گیا تھا اور اُس نے خود کو میڈیا کے سامنے لانے سے بھی انکار کردیا تھا۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’اُسی دوران میری بیمار والدہ کی کیموتھراپی بھی چل رہی تھی اور پھر مجھے معلوم ہوا کہ رتیش پہلے سے شادی شدہ ہے اور اُس کے بچے بھی ہیں۔‘

بالی ووڈ اداکارہ نے کہا کہ ’رتیش نے مجھ سے اُس وقت شادی کی کہ جب میں ایک بہت ہی بڑی مشکل میں تھی، اُس نے مجھے بچانے کے لیے مجھ سے شادی کی۔‘

راکھی ساونت نے کہا کہ ’یہی وجہ ہے کہ میں رتیش سے بہت محبت کرتی ہوں، وہ ایک بہت اچھا انسان ہے لیکن مجھے نہیں لگتا کہ ہم دونوں کا ایک ساتھ کوئی مستقبل ہے۔‘

اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ ’ہم دونوں کے درمیان کوئی چیز مشترکہ نہیں ہے، وہ خود کو میرے شوہر کے نام سے متعارف نہیں کرواتا جس کے بعد مجھے لگتا ہے کہ ہمارا ایک ساتھ رہنا مشکل ہے۔‘

اُن کا کہنا تھا کہ ’میں بگ باس کے گھر سے باہر آنے کے بعد ابھی تک رتیش سے ملی نہیں ہوں اور مجھے نہیں معلوم کہ میری وہ تمام باتیں جو میں نے بگ باس میں کہیں اُس کے بعد اُن کا کیا ردعمل ہوگا۔‘

راکھی ساونت نے مزید کہا کہ ’رتیش سے ملاقات کے بعد ہی ہم اپنی ازدواجی زندگی کے بارے میں کوئی فیصلہ کریں گے۔‘

یاد رہے کہ اس سے قبل راکھی ساونت نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ اگر اُنہیں اپنے شوہر کی پہلی شادی اور بچے کے بارے میں معلوم ہوتا تو وہ اُن سے کبھی شادی نہ کرتیں۔

بالی ووڈ اداکارہ نے کہا تھا کہ وہ اپنا گھر بسانے کے لیے کبھی کسی دوسری عورت کا گھر نہیں اُجاڑتیں۔

واضح رہے کہ راکھی ساونت نے بگ باس کے سیزن 14 کے دوران انکشاف کیا تھا کہ ان کے شوہر پہلے ہی شادی شدہ تھے اور ایک بچے کے باپ بھی ہیں جس کے بارے میں انہیں شادی کے بعد پتہ چلا۔

راکھی ساونت نے گزشتہ برس جولائی میں برطانیہ میں مقیم بزنس مین سے شادی کی تھی۔