چیف ایگزیکٹیو پی سی بی وسیم خان کو توسیع ملنے کا امکان

February 26, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کے تین سال ستمبر میں مکمل ہوجائیں گے۔ ان کے عہدے کی معیاد میں توسیع کا فیصلہ پی سی بی کے سرپرست اعلی وزیر اعظم عمران خان کریں گے۔ اس سے قبل امکان ہے کہ چیف ایگزیکٹیو وسیم خان کے عہدے کی میعاد میں توسیع دے دی جائے گی۔ ہفتے کو پی سی بی بورڈ آف گورنرز کا اجلاس کراچی میں ہورہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے ایجنڈے میں وسیم خان کی توسیع کا معاملہ شامل نہیں ہے۔ لیکن اگر کوئی رکن چاہے تو یہ معاملہ ڈائریکٹرز کے سامنے لاسکتے ہیں۔ وسیم خان کے 3 سالہ عہدے کی مدت اگلے برس فروری میں ختم ہو رہی ہے۔