لا پتہ افراد کیلئے عام معافی کا اعلان کیا جائے، وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز

February 26, 2021

کوئٹہ(آن لائن )وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے چیئر مین نصراللہ بلوچ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ اس دفعہ ہمیں وفاقی سطح پر سنجیدگی سے سنا گیا اور ملاقاتوں میں ہم سے کہا گیا کہ وفاقی حکومت چاہتی ہے کہ لاپتہ افراد بازیاب ہوں ،ملک میں کوئی شخص لاپتہ نہ ہو اور جبری گمشدگیوں کا مسئلہ ملکی قوانین کے تحت حل کیا جائے گا جس کے لیے قانون سازی کی جاری ہے اور جبری گمشدگیوں کے حوالے سے وفاقی سطح پر ہمارے مطالبات کو بھی مانا گیا جو مثبت عمل ہے۔ اس دوران پاک فوج کے ترجمان کیطرف سے یہ بیان بھی خوش آئند ہے کہ لاپتہ افراد کا مسئلہ بہت جلد حل ہوگا جس سے ہم یہ سمجھتے ہیں کہ ملکی ادارے بھی لاپتہ کے مسئلے کو حل کرنے کے حوالے سے سنجیدہ ہیں اور حکومت و ملکی ادارے اس مسئلے پر ایک پیج پر ہیں۔ اس لیے ہم حکومت اور ملکی اداروں کے سربراھوں سے گزارش کرتے ہیں کہ اب لاپتہ افراد کے حوالے سے در گزر کا رویہ اختیار کرکے لاپتہ افراد کے لیے عام معافی کا اعلان کیا جائے کیونکہ حکومت اور ملکی اداروں کے اس اقدام کا پاکستان کے عوام کو مثبت پیغام جائیگا اور خاص کر بلوچستان کے احساس محرومی اور اہل بلوچستان کے دلوں میں پائی جانے والی نفرتوں میں کمی ہوگی۔