شنیرا نے کراچی کی سڑکوں کی مرمت کرنے کا مشورہ دیدیا

February 26, 2021

سماجی کاموں میں ہمیشہ سب سے آگے رہنے والی اور معاشرتی مسائل پر اپنی آواز بُلند کرنے والی شنیرا اکرم نے سندھ پولیس میں اسکیٹنگ فورس کو دیکھتے ہوئے کراچی کی سڑکوں کی مرمت کرنے کا مشورہ دے دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں شنیرا اکرم نے سوالیہ انداز میں لکھا کہ ’کیا ہمیں پہلے کراچی کی ٹوٹی پھوٹی سڑکوں کو ٹھیک نہیں کرنا چاہیے؟‘

شنیرا اکرم نے لکھا کہ ’سڑکوں کی مرمت کے بعد ہی ہمیں اپنی پولیس میں اسکیٹنگ فورس کا اضافہ کرنا چاہیے۔‘

سابق کرکٹر وسیم اکرم کی اہلیہ کے اس ٹوئٹ پر صارفین کی بڑی تعداد اُن کی حمایت کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ سندھ پولیس حکام نے ٹریفک جام میں اسٹریٹ کرائم سے نمٹنے کے لیے اسکیٹنگ فورس میدان میں اتارنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ابتدائی طور پراسکیٹنگ فورس 20 افراد پر مشتمل ہے، جس میں 10 خواتین اور 10 مرد شامل ہیں۔

یہ فورس ٹریفک جام اور مخصوص حالات میں اُن متاثرہ مقامات پر پہنچے گی جہاں ان کی ضرورت ہوگی۔

پولیس حکام کے مطابق دنیا کے کئی ممالک میں اسکیٹنگ فورس پولیس اسکواڈ کا حصہ ہے۔