وزیراعظم اکثریت کھوچکے، استعفیٰ دے دیں، وزیراعلیٰ سندھ

March 03, 2021

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان قومی اسمبلی میں اپنی اکثریت کھوچکے ہیں، انہیں چاہیے کہ وہ فوری طور پر استعفیٰ دے دیں۔

کراچی میں سندھ اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو میں سید مراد علی شاہ نے یوسف رضا گیلانی کو سینیٹر منتخب ہونے پر مبارک دیا اور کہا کہ سابق وزیراعظم کی فتح جمہوریت کی فتح ہے۔

انہوں نے اس موقع پر پیپلز پارٹی کے تمام نو منتخب سینیٹرز کو مبارک باد دی اور کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کو فوراً مستعفی ہونا چاہیے۔


وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ عمران خان قومی اسمبلی میں اپنی اکثریت کھوچکے ہیں، اخلاقی طور پر مستعفی ہوں مگر وہ استعفیٰ نہیں دیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے 2 دنوں میں اپنےکارکنان کے ساتھ جو کیا سب کے سامنے ہے، امیدواروں کا غلط انتخاب ان کا سب سے بڑا مسئلہ تھا۔

سید مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ ان کےکئی اراکین نے ان کے امیدواروں کو ووٹ نہیں دیا، امیدوار بہتر ہونے کی وجہ سے ہمیں زیادہ ووٹ ملے۔

انہوں نے کہا کہ ہوٹلوں میں کوئی بند کرتا ہے؟ آپ نے کبھی سنا؟ یہ اُن کی نااہلی ہے، ان کے امیدوار کولوگ پسند نہیں کرتے تھے۔