شاہین آفریدی کی منگنی کی خبر پر شائقین کرکٹ خوشی سے نہال

March 07, 2021

قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی سابق کپتان شاہد آفریدی کی بیٹی سے منگنی کی خبر نے شائقین کرکٹ کو خوشی سے نہال کردیا۔

شاہین شاہ آفریدی اور شاہد آفریدی کی بیٹی کی منگنی کی خبر کی تصدیق کے بعد شائقین کرکٹ نے سوشل میڈیا کا رُخ کرلیا ہے جہاں وہ دونوں قومی کرکٹرز کو مبارکباد دے رہے ہیں۔

اس ضمن میں شاہین شاہ آفریدی گزشتہ رات سے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈنگ کی فہرست میں پہلے نمبر پر موجود ہیں۔

ٹوئٹر صارفین ہیش ٹیگ ’شاہین شاہ آفریدی‘ کا استعمال کرتے ہوئے اُنہیں منگنی کی مبارکباد دے رہے ہیں۔

ممون الیاس نامی صارف نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’یہ بہت اچھی خبر ہے،ہمارے اسٹار نے ہماری لیجنڈ کی بیٹی کے ساتھ منگنی کرلی۔‘

ایک صارف نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’اب تک کے سب سے معصوم جوڑے کو بہت مبارک ہوں۔‘

ثناء نامی صارف نے لکھا کہ ’شاہد آفریدی کی بیٹی ابھی بھی آفریدی ہے، ماشاءاللّہ! کیا قسمت ہے۔‘

ایک صارف نے پاکستان سپُر لیگ کی ویڈیو کلپ شیئر کی، جب شاہین شاہ آفریدی نے شاہد آفریدی کو کلین بولڈ کرنے پر جشن نہیں منایا تھا۔

صارف نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ’ایسا ہی ہوتا ہے جب آپ کرکٹ لیگ کے میچ میں اپنے سُسر کی وکٹ لیں، شاہد آفریدی کم از کم کہہ سکتے تھے، ’اچھی بولڈ بیٹا۔‘

علی مرتضیٰ نامی صارف نے شاہد آفریدی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ’سب سے خوبصورت سُسر۔‘

واضح رہے کہ والد شاہین شاہ آفریدی ایاز خان نے کہا ہے کہ بیٹے کے لیے قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی کی بیٹی کا رشتہ مانگا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شاہد آفریدی کے خاندان نے رشتہ دینے پر رضا مندی ظاہر کی ہے۔

ایاز خان نے مزید کہا کہ شاہین آفریدی کی شاہد آفریدی کی بیٹی کے ساتھ منگنی کی رسم جلد طے پا جائے گی۔

والد شاہین شاہ آفریدی نے مزید کہا کہ شاہد آفریدی کے خاندان سے دیرینہ تعلقات ہیں۔

دوسری جانب شاہد آفریدی کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ دو سال میں منگنی اور شادی کی تقاریب ایک ساتھ ہوسکتی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہد خان آفریدی سوچ سمجھ کر اس بارے میں باضابطہ اعلان کریں گے۔

شاہد آفریدی کے اہل خانہ نے درخواست کی ہے کہ اس حوالے سے قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔