بلاول کی حمزہ سےملاقات،نئے معرکے کی تیاری

March 07, 2021

اپوزیشن کی پنجاب اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کی نشست پر نظریں ہیں جس کے لیے حزبِ اختلاف نے حکومت کے خلاف نئے معرکے کی تیاری کر لی۔

لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور نون لیگی رہنما حمزہ شہباز شریف سے ان کی ماڈل ٹاؤن میں واقع رہائش گاہ پر ملاقات کی ہے۔

حمزہ شہباز اور بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات کے موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر اور سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی بھی موجود تھے۔

پی ڈی ایم رہنماؤں نے اپوزیشن کے لانگ مارچ، پنجاب میں اِن ہاؤس تبدیلی اور یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینیٹ لانے سمیت حکومت کے خلاف حکمتِ عملی پر تبادلۂ خیال کیا۔

بلاول بھٹو زرداری پہلے ہی پنجاب کو پہلا مورچہ بنانے کا عندیہ دے چکے ہیں۔

حمزہ شہباز کے بلاول بھٹو زرداری کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے میں شرکت کرنے والے پیپلز پارٹی کے دیگر رہنماؤں میں قمر زمان کائرہ، چوہدری منظور اور حسن مرتضیٰ شامل تھے۔

مسلم لیگ نون کی جانب سے سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، خواجہ سعد رفیق، رانا ثناءاللّٰہ، عطاءاللّٰہ تارڑ اور اویس لغاری نے ظہرانے میں شرکت کی۔

حمزہ شہباز شریف کے بلاول بھٹو زرداری کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے میں مٹن بریانی، سجّی، بار بی کیو، دال گوشت، بھنڈی اور دیگر مزے مزے کے پکوان شامل تھے۔