قارئین کیا سوچتے ہیں

March 14, 2021

حامد میر (08 مارچ 2021) گیلانی اور عمران خان میں کیا فرق ہے؟

جناب فرق انسانیت میں دیکھیں یا سیاست میں؟ ابھی تک تعلیم، صحت، روزگار اور دیگر بنیادی سہولیات سے محروم اکثریتی عوام کو سکھ کا ایک دن بھی نصیب نہیں ہوا۔ (دھنجی تھاور ، لیاری)

حسن نثار (07 مارچ 2021) کھمبے اور کھوتے

محترم حسن صاحب بالکل ایسا ہی ہے ہم کھمبے سے شروع ہو کر کھوتے تک آگئے، آغاز سفر تو کیا ہم ابھی تک اپنی منزل کا تعین ہی نہیں کر سکے۔ بس زندہ باد مردہ باد، یہی ہماری 74سالہ تاریخ کا تاریک ترین مقام ہے۔ (ابوھنگورو، کراچی)

ارشاد بھٹی (11 مارچ 2021) بھولنے کا موسم!

بھٹی صاحب بہت لکھا اور خوب لکھا لیکن مجبوری یہ ہے کہ یہ پاکستان ہے اور یہاں سب بک جاتا ہے۔ یہ دنیا کا واحد ملک ہے جہاں بیک وقت قانونی طور پر تین طرح کا قانون رائج ہے۔(خالد پرویز)

مظہر برلاس (09مارچ 2021) یہ ہے ہماری سیاست

پاکستان میں سیاست کو کرپشن، نفرت و انتشار پھلانے اور اپنےذاتی مقاصد کے حصول کے لیے استعمال کرنے کی روایت گزشتہ 35برس سےآج تک اسی طرح یا شاید اس سے بھی گھناؤنی شکل میں قائم و دائم ہے۔ (محمد شبیر احمد، راولپنڈی)

مظہر عباس (10 مارچ 2021) یہ وہ سحر تو نہیں

جناب وقت کے ساتھ ساتھ اخلاقیات گر گئی ہیں۔ جہاں آزادیِ رائے کا دور تھا وہاں یہ بھی تھا کہ’’تُو تو دیکھے گا، دیکھتا جا اپنی خود کی حالت‘‘۔ نئے لوگوں میں یہ خصوصیات کوٹ کوٹ کر بھری ہیں۔ (جلیل خان، اسلام آباد)

افضال ریحان (06مارچ 2021) جمہوری تحریک کی حیرت انگیز کامیابی

یقیناً حقائق یہی ہیں جو آپ نے سامنے رکھے۔ ان بیانات کی وجہ سے نوجوان آئندہ وقتوں میں قومی سطح پر منفی رجحانات کا باعث بن سکتے ہیں۔ ایسے عہدوں کی شخصیات کو نپے تُلے انداز میں اپنے آپ کو عوام کے سامنے رکھنا چاہیے۔ (عبدالرافع لاہور)

منصور آفاق (07 مارچ 2021) نیا عمران خان

محترم آپ کی تحریر پڑھ کر میں اور ہر ایک محب وطن پاکستانی آپ کو سلیوٹ پیش کرتےہیں۔ ہم محب ِوطن پاکستانیوں کو ملک کی کامیابی کیلئے ایک بار عمران خان کی بھر پور مدد کرنی چاہیے۔ (خورشید انور خٹک، نوشہرہ)

ایس اے زاہد (12مارچ2021) ادارے، سیاست اور الزمات

جناب آپ نے درست فرمایا۔ کوئی شک والی بات نہیں کہ اس وقت ملک کا جو ماحول ہے وہ ملک و عوام کے لیے نقصان دہ ہے اور آئندہ وقتوں میں بھی یہ مزید مشکل اور کٹھن ہوتا نظر آ رہا ہے۔ (فضل شیخ)