پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میں آخری چار پانچ برس لاہور قلندرز کے لیے بہت اچھے رہے ہیں۔
اسلام آباد میں جاری کیمپ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کپتان شاہین آفریدی نے کہا کہ لاہور قلندرز پی ایس ایل سے بہت پہلے کیمپ کا انعقاد کرتی ہے تاکہ نئے کھلاڑیوں کو ایک دوسرے کو سمجھنے اور جاننے کا موقع مل سکے۔
اُنہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں آخری چار پانچ سال ہمارے لیے بہت اچھے رہے ہیں، صرف ٹرافی جیتنا ہی ضروری نہیں رہا، اچھی چیز یہ تھی کہ پی ڈی پی کے کھلاڑیوں کو سامنے لائے، ملک بھر میں ہونے والے ٹرائلز سے کھلاڑیوں کو منتخب کیا، کھلایا اور پھر وہ قومی سطح پر گئے، لاہور قلندرز کی یہ سب سے بڑی کامیابی ہے کہ مقامی کھلاڑی نیشنل اور ریجنز کی سطح پر کھیل رہے ہیں۔
کپتان شاہین آفریدی نے کہا کہ اس مرتبہ بھی ٹرائلز کے لیے آئے ہیں، اچھا ٹیلنٹ سامنے آیا ہے، امید ہے کہ اس مرتبہ بھی ایک دو اچھے کھلاڑی پی ایس ایل میں ملیں گے جبکہ اگلے 10 برسوں کے لیے کئی ایک اچھے کھلاڑی سامنے آئیں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پی ایس ایل 11 کے لیے کئی ایک نئے کھلاڑی ٹیم میں آئے ہیں، ان میں غیر ملکی کھلاڑی بھی شامل ہیں، نئے گراؤنڈز پر بھی پی ایس ایل کے میچز ہوں گے، فینز کا مزید جوش بڑھے گا اور فینز کرکٹ سے انجوائے کریں گے۔