چائنیز کھانے سب ہی شوق سے کھائیں

March 27, 2021

بعض اوقات روایتی کھانوں سے کچھ ہٹ کر کھانے کو دل چاہتا ہے۔ ایسے میں سب سے پہلا انتخاب عموماً چائنیز کھانے ہی ہوتے ہیں کیونکہ ان کا مخصوص ذائقہ تقریباً ہر شخص کو ہی پسند ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہمارے ملک میں روایتی دیسی اور فاسٹ فوڈ کھانوں کے بعد سب سے زیادہ چائنیز کھانے ہی کھائے جاتے ہین۔ یہ دنیا کے مقبول ترین پکوانوں میں سے ایک ہیں جن میں نوڈلز، چاول اور انڈے کا استعمال دیگر کھانوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہوتا ہے۔

چائنیز کھانوںکے ہمراہ سوس، سرکہ اور چلی آئل پیش کیا جاتا ہے، تاکہ کھانے کا لطف دوبالا ہو۔ عام طور پر خیال کیا جاتا ہے کہ چائنیز کھانوں کو گھر پر بنانا نہایت مشکل ہے پر یہ خیال درست نہیں۔ یہ بھی دیگر کھانوںکی طرح آسانی سے بن جاتے ہیں اور گھر پر تیار کرنے کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ آپ اپنی مرضی سے انہیں صفائی سے بناسکتے ہیں۔ آج ہم قارئین کی خدمت میں چائنیز کھانوں کی کچھ ترکیبیں پیش کررہے ہیں، جنہیں بناکر آپ یقیناً گھر والوں سے داد وصول کرسکیں گے۔

چائنیز مکس ویجیٹیبل

درکار اجزاء:

مرغی (بون لیس)۔ ایک پاؤ

نمک۔ حسب ذائقہ

کالی مرچ۔ آدھا کھانے کا چمچ

سفید مرچ۔ آدھا کھانے کا چمچ

سویا سوس۔ دوکھانے کے چمچ

چائنیز نمک۔ دوکھانے کے چمچ

سرکہ۔ دوکھانے کے چمچ

گاجر۔ ایک پاؤ

شملہ مرچ۔ ایک پاؤ

پھول گوبھی۔ ایک پاؤ

آلو۔ آدھا کلو

ہری مرچ۔ دو عدد

لہسن۔ تین جوے

ادرک۔ آدھا چائے کا چمچ

تیل۔ آدھا کپ

ترکیب:

سب سے پہلے مرغی میں تھوڑا سا نمک، لہسن، ادرک اور اتنا پانی ڈال کر ابالیں کہ گلنے کے ساتھ ہی پانی بھی خشک ہو جائے۔ اب تمام سبزیاں لمبائی میں کاٹ لیں۔ اسی دوران ان میں عام نمک، چائنیز نمک، سویا سوس، کالی مرچیں، سفید مرچیں اور سرکہ بھی شامل کر دیں۔

اب اس میں فرائی کی ہوئی مرغی شامل کر کے کچھ دیر کے لیے دَم پر رکھ دیں۔ گاجر اور آلو سخت ہوتے ہیں، لہٰذا انہیں اُبال کر تھوڑا سا نرم کرلیں۔ پھر دوسرے پین میں تیل گرم کرکے تمام سبزیوں کو ہلکی آنچ پر فرائی کریں اور اسے مرغی میں مکس کردیں۔

چکن شاشلک

درکار اجزاء:

مرغی (بون لیس)۔ آدھا کلو

لہسن ادرک پیسٹ۔ ایک چائے کا چمچ

مسٹرڈ پیسٹ۔ آدھا چا ئے کا چمچ

لال مرچ۔ آدھا چا ئے کا چمچ

نمک۔ آدھا چائے کا چمچ

سفید مرچ۔ آدھا چائے کا چمچ

اجینو موتو (چائنیز نمک)۔ دو چائے کے چمچ

سویا سوس۔ دو چائے کے چمچ

سرکہ۔ دو چائے کے چمچ

چینی۔ آدھا چائے کا چمچ

تیل۔ دو چائے کے چمچ

اسٹکس۔ حسب ِ ضرورت

ٹماٹر (کیوب میں کٹے ہوئے)۔ دوعدد

شملہ مرچ (کیوب میں کٹی ہوئی)۔ دو عدد

پیاز(کیوب میں کٹی ہوئی)۔ دو عدد

ترکیب:

سب سے پہلے تمام اجزاء کو مکس کرکے مرغی پر اچھی طرح لگا دیں اور 30منٹ کے لیے رکھ دیں۔ پھر تمام سبزیوں کو اس میرینیشن میں ملا دیں۔ اب چکن اور سبزیوں کو اسٹک پر لگائیں (پہلے پیاز، پھر ٹماٹر، پھر شملہ مرچ اور پھر چکن)۔ اب فرائی پین میں ایک چائے کاچمچ تیل ڈال کرانہیں فرائی کرلیں۔

چکن جلفریزی

درکار اجزاء:

مرغی (بون لیس)۔ آدھا کلو

تیل۔ آدھا کپ

پیاز۔ دو عدد

ادرک لہسن پیسٹ۔ دو کھانے کے چمچ

ٹماٹو پیوری۔ ایک کپ

سفید مرچ۔ آدھا کھانے کا چمچ

کالی مرچ (کُٹی ہوئی)۔ آدھا کھانے کا چمچ

نمک۔ ایک کھانے کا چمچ

لال مرچ (پسی ہوئی)۔ ڈیڑھ کھانے کا چمچ

ہلدی۔ ایک چائے کا چمچ

سرکہ۔ ایک چوتھائی کپ

سویاسوس۔ تین کھانے کے چمچ

ترکیب:

سب سے پہلے تیل میں پیاز اور ادرک لہسن کاپیسٹ ڈال کر سرخ کرلیں۔ اب اس میں ٹماٹو پیوری، سفید مرچ، کُٹی ہوئی کالی مرچ، نمک، پسی لال مرچ اور ہلدی شامل کرکے مسالا بھون لیں۔ اس کے بعد سرکہ، سویا سوس، مرغی اور تمام سبزیاں ڈال کر دس منٹ کے لیے دَم پر رکھ دیں۔ پھر چاولوں کے ساتھ پیش کریں۔

ڈرائی چکن چلی وِد چائنیز رائس

درکار اجزاء:

مرغی۔ ڈیڑھ کلو

ہری مرچ (بڑی)۔ 12عدد

لہسن (پسا ہوا)۔ ایک کھانے کا چمچ

سرکہ۔ ایک کھانے کاچمچ

کالی مرچ۔ آدھا چائے کاچمچ

تیل۔ تین کھانے کے چمچ

سویا سوس۔ ایک کھانے کاچمچ

اجینو موتو۔ آدھا چائے کا چمچہ

نمک۔ حسب ذائقہ

چائنیز رائس بنانے کیلئے:

چاول۔ دو کپ

تیل۔ تھوڑا سا

گاجر، شملہ مرچ، ہری پیاز۔ حسبِ ضرورت

کالی مرچ۔ ایک چائے کا چمچ

چائنیز نمک۔ ڈیڑھ چائے کا چمچ

ترکیب:

سب سے پہلے گوشت کو ہڈی سے الگ کرکے چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ لیں اور انہیں ایک ساتھ رکھ کر بڑی چھری سے کچل لیں۔ پھر سرکہ اورسویا سوس لگا کر بیس منٹ کے لیے رکھ دیں۔ ساتھ ہی ہری مرچ کو بھی درمیان سے لمبے لمبے ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔ ایک دیگچی میں تیل ڈال کر پسا ہوا لہسن، گوشت، کالی مرچ، نمک ڈال کر اچھی طرح فرائی کر لیں۔ جب یہ فرائی ہوجائے تو اوپر سے اجینو موتو چھڑک دیں۔

اب فرائی پین میں ایک چمچ تیل ڈال کر مرچوں کو ہلکا فرائی کر لیں، ان میں تھوڑا سرکہ، سویا سوس اور اجینو موتو ڈال دیں۔ پھر انہیں فرائی گوشت کے اوپر ڈال کر اچھی طرح مکس کریں۔ لیجیے مزیدار ڈرائی چکن چلی تیار ہے۔

چائنیز رائس بنانے کے لیے سب سے پہلے چاول کو مرغی کی یخنی میں تین کنی اُبال لیں، پھر اسے الگ رکھ دیں۔ اب تمام سبزیوں کو باریک کاٹ لیں۔ پھر ایک کڑاہی میں تھوڑا سا تیل، کٹی ہوئی سبزیاں اور چاول ڈال کر فرائی کریں۔ اسی دوران اس میں چائنیز نمک اور کالی مرچ ڈالیں۔ تیار ہونے پر چائنیز رائس کو چکن چلی کے ساتھ پیش کریں۔

چکن منچورین

درکار اجزاء:

مرغی (بون لیس)۔ آدھا کلو

نمک۔ ایک چائے کا چمچ

لہسن۔ ایک کھانے کا چمچ

کالی مرچ۔ آدھا چائے کا چمچ

کٹی لال مرچ۔ ایک کھانے کا چمچ

سویا سوس۔ ڈیڑھ کھانے کے چمچ

کارن فلور۔ 4کھانے کے چمچ

انڈہ۔ ایک عدد

تیل۔ تلنے کے لیے

سالن بنانے کیلئے:

تیل۔ 2کھانے کے چمچ

لہسن (کٹا ہوا)۔ ایک کھانے کا چمچ

ادرک (کٹا ہوا)۔ ایک کھانے کا چمچ

ہری مرچ (کٹی ہوئی)۔ دو سے تین عدد

ہری پیاز۔ ایک چوتھائی کپ

شملہ مرچ (کیوب میں کٹی ہوئی)۔ ایک عدد

پیاز (کیوب میں کٹی ہوئی)۔ ایک عدد

نمک۔ ایک کھانے کا چمچ

لال مرچ پاؤڈر۔ آدھا کھانے کا چمچ

سرکہ۔ ایک کھانے کا چمچ

سویا سوس۔ ایک کھانے کا چمچ

ٹماٹو کیچپ۔ ایک چوتھائی کپ

چلی گارلک سوس۔ ایک چوتھائی کپ

چینی۔ ایک چائے کا چمچ

پانی۔ ایک کپ

کارن فلور۔ 2کھانے کے چمچ

ترکیب:

ایک پیالے میں مرغی، نمک، لہسن، کالی مرچ، کٹی لال مرچ اور سویا سوس ڈال کر اچھی طرح مکس کریں۔ پھر اس میں کارن فلور اور انڈہ شامل کرکے دوبارہ مکس کریں۔ کچھ دیر میرینیٹ کرنے کے بعد اسے فرائی کر کے علیحدہ رکھ لیں۔ منچورین بنانے کے لیے پتیلی میں تیل ڈالیں اور لہسن ادرک شامل کردیں۔ پھر ہری مرچ اور ہری پیاز شامل کرکے 30سیکنڈ تک فرائی کریں۔

اب اس میں شملہ مرچ اور پیاز شامل کرکے کچھ دیر مزید فرائی کریں اور پھر اس میں فرائی کی ہوئی مرغی، نمک، لال مرچ، سرکہ، سویا سوس، کیچپ، چلی گارلک سوس اور چینی شامل کرکے مکس کرلیں۔ بعدازاں اس میں ایک کپ پانی ڈالیں اور ہلکا اُبال آنے پر پانی میں کارن فلور مکس کرکے شامل کردیں۔ سالن گاڑھا ہوجائے تو آنچ بند کردیں۔ لیجیے مزیدار چکن منچورین تیار ہے، اسے سفید چاول یا فرائیڈ رائس کے ساتھ پیش کریں۔

کرنچی گارلک چکن

درکار اجزاء:

لہسن (باریک کٹا ہوا)۔ ایک عدد

لیموں کا رس۔ ایک کھانے کا چمچ

میدہ۔ حسبِ ضرورت

مکھن۔ دو کھانے کے چمچ

کالی مرچ۔ ایک کھانے کا چمچ

سفید مر چ۔ ایک کھانے کا چمچ

انڈہ (پھینٹا ہوا)۔ ایک عدد

مرغی (بون لیس)۔ آدھا کلو

سرکہ۔ چار کھانے کے چمچ

اوریگا نو۔ ایک کھانے کا چمچ

پارسلے۔ تھوڑے سے

تیل۔ حسب ِضرورت

بریڈ کرمبز۔ حسبِ ضرورت

ترکیب:

سب سے پہلے لیموں کا رس، لہسن، مکھن، پارسلے، نمک اور کالی مرچ کو چوپر میں پیس کر ایک مکسچر بنالیں۔ پھر ایک پلیٹ میں بریڈ کرمبز اور دوسری پلیٹ میں نمک اور کالی مرچ ملا کررکھ لیں۔ اب مرغی کےچھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرلیں اور اس پر اچھی طرح نمک، کالی مرچ، اوریگانو اور سرکہ لگا دیں۔

انڈے کو پھینٹ کر علیحدہ رکھ دیں۔ اب مرغی کو سب سے پہلے والے مکسچر میں کوٹ کریں، پھر میدے میں، پھر انڈے میں اور آخر میں بریڈ کرمبز میں اورپھر اچھی طرح فرائی کریں اورمزے دار چٹنی کے ساتھ پیش کیجیے۔

چکن پائن ایپل نوڈلز

درکار اجزاء:

نوڈلز۔ 125گرام

مرغی (کیوبز)۔ آدھا پاؤ

تیل۔ دو چائے کے چمچ

سرکہ۔ دو کھانے کے چمچ

بند گوبھی (کٹی ہوئی)۔ ایک چوتھائی پیالی

شملہ مرچ (کٹی ہوئی) ایک چوتھائی پیالی

گاجر (کٹی ہوئی)۔ ایک چوتھائی پیالی

سیب (کٹا ہوا)۔ ایک چوتھائی پیالی

ہری پیاز۔ ایک عدد

کارن فلور۔ دو کھانے کے چمچ

ادرک (پسا ہوا)۔ تین کھانے کے چمچ

لہسن ( پسا ہوا)۔ تین کھانے کے چمچ

تازہ انناس۔ دو سلائس

کالی مرچ۔ حسب ذائقہ

سویا سوس۔ ایک کھانے کا چمچ

سوس بنانے کیلئے:

لال مرچ۔ آدھا چائے کا چمچ

سویا سوس۔ ایک کھانے کا چمچ

تِل کا تیل۔ ایک کھانے کا چمچ

ترکیب:

سوس بنانے کے لیے تینوں اجزاء کو ملا کر ہلکی آنچ پردس منٹ تک پکا کر اتار لیں، سوس تیار ہوجائے گا۔ اب مرغی میں پسا ہوا ادرک، لہسن، کالی مرچ، نمک، کارن فلور اور سرکہ ملا کر رکھ دیں۔ پھر نوڈلز اُبالیں۔ ساتھ ہی تیل گرم کر کے اس میں مرغی کو فرائی کرکے سنہرا کر لیں۔ پھر اس میں تمام کٹی ہوئی سبزیاں ڈال دیں۔ اتارنے سے پہلے تیار شدہ سوس اور ابلی ہوئی نوڈلز ڈال کر کچھ دیر دَم پر رکھیں اور گرما گرم پیش کریں۔

چائنیز جھینگے

درکار اجزاء:

جھینگے۔ آدھا کلو

کارن فلور۔ آدھا کپ

کالی مرچ (پسی ہوئی )۔ آدھا کھانے کا چمچ

اجینو موتو۔ ایک چٹکی

تیل۔ آدھا کپ

سلاد۔ تین پتے

مولی۔ چھ عدد

انڈے۔ دو عدد

سرکہ۔ ایک چوتھائی کپ

نمک۔ ایک چوتھائی کھانے کا چمچ

دودھ۔ ایک کھانے کا چمچ

ٹماٹو سوس۔ ایک چوتھائی کپ

ٹماٹر۔ ایک عدد

ترکیب:

سب سے پہلے جھینگوں کو اچھی طرح دھو لیں۔ ایک برتن میں انڈے توڑیں اور اس میں کارن فلور ملا کر پھینٹیں، ساتھ ہی تھوڑا تھوڑا سرکہ ڈالیں اور اچھی طرح پھینٹتے رہیں۔ اب اس میں نمک ،اجینوموتو ،دودھ اور کالی مر چ ملاکر اسے مسالے کی طرح بنا لیں۔ اب اسے جھینگوں پر اچھی طرح لگائیں اور تین سے چار گھنٹے کے لیے فریج میں رکھ دیں۔

اوون ٹرے میں تیل لگائیں اور اس میں جھینگے ڈال کر پکنے دیں۔ بادامی رنگ ہونے پر انہیں نکال لیں۔ ایک ڈش میں سلاد کے پتے سجا ئیں اور ٹماٹر اور مولی کاٹ کر کناروں پر رکھ دیں۔ ٹماٹو سوس کے ساتھ گرم گرم پیش کر یں۔

اسٹر فرائیڈ چکن وِد نوڈلز

نوڈلز۔ ایک پیکٹ

مرغی کا سینہ۔ آدھا پاؤ

نمک۔ حسبِ ذائقہ

کالی مرچ۔ حسبِ ضرورت

لہسن ادرک پیسٹ۔ ایک کھانے کا چمچ

سویا سوس۔ ایک کھانے کا چمچ

تِل کا تیل۔ ایک چائے کا چمچ

گاجر۔ ایک عدد

شملہ مرچ۔ ایک عدد

پھلیاں۔ ایک کپ

بند گوبھی۔ آدھا کپ

یخنی۔ حسبِ ضرورت

تیل۔ ایک کھانے کا چمچ

ترکیب:

مرغی کو لمبائی میں کاٹ کر چھوٹے ٹکڑے کرلیں۔ گاجر، شملہ مرچ اور گوبھی کو بھی اسی شکل میں کاٹ لیں۔ اب پھلیوں کو ایک انچ کے ٹکڑوں میں کاٹ لیں اور ایک کڑاھی میں تیل ڈال کر گرم کر لیں۔ اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ ڈال کر کچھ سیکنڈ کے لیے فرائی کریں۔

اب اس میں مرغی ڈال کر پکائیں اور پھر تِل کا تیل اور سویا سوس ڈال دیں۔ ساتھ ہی حسبِ ضرورت یخنی، نمک اور کالی مرچ ڈالیں اور پھر نوڈلز ڈال کر اتنا پکائیں کہ وہ تیار ہو جائے۔ جب سوس تھوڑی سی خشک ہونے لگے تو نکال کر پیش کریں۔

چکن چاؤمن

درکار اجزاء:

تیل۔ ایک کپ

پانی۔ حسب ضرورت

نوڈلز۔ 250گرام

مرغی (بون لیس)۔ 200گرام

پیاز۔ دو عدد

شملہ مرچ۔ ایک عدد

چلی سوس۔ دو کھانے کے چمچ

گاجر۔ دو عدد

بند گوبھی۔ آدھا پاؤ

سویا سوس۔ دو کھانے کے چمچ

نمک۔ حسبِ ذائقہ

کالی مرچ پاؤڈر۔ آدھا چائے کا چمچ

چینی۔ ایک چائے کا چمچ

چائنیز نمک۔ آدھا چائے کاچمچ

ہری پیاز۔ گارنش کے لیے

ترکیب:

ایک برتن میں پانی لیں اور اس میں کھانے کا تیل اور نوڈلز ڈال کر اُبال لیں ۔ اب ایک پین میں کھانے کا تیل گرم کر کے اس میں مرغی کو بھون لیں یہاں تک کہ وہ لائٹ براؤن ہوجائے۔ پھر اس میں پیاز اور شملہ مرچ ڈا ل کر ہلکا سا پکائیں۔ اب اس کو چھان کر اضافی تیل نکال لیں۔

اب ایک پین میں تیار کی ہوئی چکن میں چلی سوس ڈا ل کر بھون لیں۔ اب اس میں گاجر، بند گوبھی، سویا سوس ، نمک، کالی مرچ پاؤڈر، چینی اور چائنیز نمک ڈا ل کر دو منٹ تک پکا لیں۔ اب اس میں اُبلے ہوئے نوڈلز ڈال کر ہلائیں اور سبز پیاز سے گارنش کریں ۔ لیجیے مزیدار چکن چاؤمن تیار ہے ۔

چائنیز ڈمپلنگز

درکار اجزاء:

میدہ۔ ایک پیالی

کارن فلور۔ آدھی پیالی

انڈہ۔ ایک عدد

نمک۔ حسب ذائقہ

لہسن کے جوئے۔ دو سے تین عدد

پیاز۔ ایک عدد

ہری پیاز۔ دو سے تین عدد

مشرومز۔ چھ سے آٹھ عدد

گاجر۔ ایک عدد

سفید مرچ (پسی ہوئی)۔ ایک چائے کا چمچ

اویسٹر سوس۔ ایک کھانے کا چمچ

سویا سوس۔ ایک کھانے کا چمچ

تیل۔ حسب ضرورت

ترکیب:

میدے میں تین کھانے کے چمچ کارن فلور اور نمک ڈال کر ملائیں اور اس میں پھینٹا ہوا آدھا انڈا شامل کر دیں۔ اسے سادہ پانی کے ساتھ سخت گوندھ لیں اور ململ کے گیلے کپڑے میں لپیٹ کر رکھ دیں۔اب پیاز،ہری پیاز(پتیاں علیحدہ کرکے)، مشرومز اور گاجر کو چوپ کر لیں۔ فرائنگ پین میں ایک چائے کے چمچ تیل میں لہسن کے جوؤں کو کچل کر ڈالیں اور خوشبو آنے پر اس میں ہری پیاز کی پتیوں کے علاوہ تمام سبزیاں ڈال دیں۔

تین سے چار منٹ فرائی کرنے کے بعد اس میں نمک،سفید مرچ،اویسٹر سوس، سویا سوس اور ہری پیاز کی پتیاں ڈال کر چولہے سے اتار لیں۔ گوندھے ہوئے میدے کی چپاتی بیل کر اس کی گول کٹر کی مدد سے پوریاں کاٹ لیں اور ان پر کارن فلور چھڑک کر رکھ دیں۔

تیار کیے ہوئے مکسچر کو ٹھنڈا کرکے ایک کھانے کا چمچ ان پوریوں کے درمیان میں رکھیں اور کناروں پر انڈا لگا دیں۔ سب طرف سے پوری کو بند کر دیں اور دس سے پندرہ منٹ کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ پھر کڑاہی میں تیل گرم کرکے ان ڈمپلنگز کو سنہری فرائی کر لیں۔